• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کابینہ ایجنڈے پر کورونا نہیں، سیاسی انتقام سرفہرست تھا، مریم اورنگزیب

مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کی پریس کانفرنس پر ردِ عمل دیتے ہوئے کا کہا ہے کہ عوام کا مسئلہ کورونا اور کابینہ کا مسئلہ شہباز شریف کو ای سی ایل میں ڈالنا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ عمران خان اور وفاقی کابینہ کے ایجنڈے پر کورونا کا مسئلہ شامل نہیں تھا، سیاسی انتقام سرفہرست تھا۔

لیگی ترجمان نے کہا کہ ای سی ایل پر نام آٹا چینی چوروں کا ہونا چاہیے، ای سی ایل پر نام ملک کو آئی ایم ایف کے سپرد کرنے والوں کا ہونا چاہیے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ ای سی ایل پر نام عمران خان کا ہونا چاہیے جو فارن فنڈنگ اور 23 خفیہ اکاؤنٹس میں مفرور ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ای سی ایل پر نام بی آر ٹی کے 125 ارب کے کھڈوں، مالم جبہ ہیلی کاپٹر کیس کے مجرموں کا ہونا چاہیے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہزاد اکبر سوالات کے بجائے عدالتوں میں جاکر جوابات دیں جہاں سے وہ بھاگ جاتے ہیں۔

ترجمان مسلم لیگ (ن) نے کہا کہ دو سال سے نیب نیازی گٹھ جوڑ کا ہر سوال عدالت میں جھوٹ ثابت ہوا ہے۔

انہوں نے وفاقی وزیر اطلاعات کو مخاطب کرتے ہوئے  کہا کہ شبلی فراز لیگی صدر شہباز شریف کے بجائے عوام کے صبر کے امتحان کی فکر کریں۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی کرپشن، آٹا، چینی چوری، نااہلی اور نالائقی سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہوچکا ہے۔

لیگی ترجمان نے کہا کہ 18ماہ میں معیشت کی بربادی نے کاروباری اور تاجر برادری کا صبر ختم کردیا ہے۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ کورونا وباء میں حفاظتی لباس، امداد نہ پہنچانے کی وجہ سے ڈاکٹرز، طبی عملے اور عوام کا صبر ختم ہو چکا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عمران خان اور ان کے ترجمانوں کا جھوٹ سن کر عوام کا صبر جواب دے چکا ہے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ روٹی، روزگار اور کاروبار کی بندش سے پاکستان کے عوام کے صبر کی حد گزر چکی ہے۔

مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ شہبازشریف کے خلاف ایک دھیلے کی کرپشن نہ ملنے پر عمران خان صبر کریں۔

قبل ازیں پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز نے کہا تھا کہ حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی، مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نئے الیکشن کے مطالبے کے بجائے شہزاد اکبر کے سوالات کا جواب دیں۔

تازہ ترین