محکمہ موسمیات کی حالیہ معتدل ہیٹ ویو کی پیشن گوئی غلط ثابت ہوگئی، سمندری ہوائیں معمول کے مطابق چلنے کے باعث کراچی کے لئے جاری ہیٹ ویو الرٹ کو کل ہی ختم کردیا گیا۔
محکمہ موسمیات کی جانب سے ابتدا ء میں کہا گیا تھا کہ کراچی 18 سے 22مئی کے دوران ہیٹ ویو کی لپیٹ میں رہ سکتا ہے اور اسکی وجہ سمندری ہوائیں معطل ہونا بتائی گئی۔
ہیٹ ویو کے دوران شمال مغربی علاقوں سے گرم اور خشک ہوائیں چلنے کی پیشن گوئی بھی کی گئی تھی لیکن کراچی میں اس دوران سمندری ہوائیں معطل نہ ہوئیں جس کے باعث کل محکمہ موسمیات کی جانب سے جاری کی گئی معتدل ہیٹ ویو ایڈوائزری واپس لے کی گئی تھی۔
محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی کے درجہ حرارت کا انحصار یہاں چلنے والی ہواؤں پر ہوتا ہے، 18مئی سے کراچی میں سمندری ہوائیں چل رہی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ابتداء میں خدشہ تھا کہ 18سے22 مئی کے دوران سمندری ہوائیں معطل رہیں گی اور اور زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 38 سے 40سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے۔
دوسری جانب محکمہ موسمیا ت کے مطابق آج شہر قائد میں موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ہے ، شہر کا کم سے کم درجہ حرارت 27ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 37سے39ڈگری کے درمیان رہنے کا امکان ہے۔
شہر میں شمال مغربی علاقوں سے چلنے والی ہلکی ہوائوں میں نمی کا تناسب 75فیصد ہے۔