• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان کرکٹ ٹیم کے نوجوان فاسٹ بولر نسیم شاہ کا کہنا ہے کہ کرکٹ کے دوران فیلڈ پر سوشل ڈسٹنس اپنانا مشکل تو ہے لیکن موجودہ حالات میں اس کے سوا کوئی چارہ بھی نہیں۔ بیماری سے بچنا ہے تو سوشل ڈسٹنس اپنانا ہوگا۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل کی گائیڈ لائنز میں کھلاڑیوں کو فیلڈ پر سوشل ڈسٹنس سمیت متعدد تجاویز پر عمل کرنے کو کہا گیا ہے۔ پلیئرز عام طور پر وکٹ لینے کے بعد یا فیلڈ پر کسی بھی طرح کی کامیابی کے بعد ایک دوسرے کو گلے مل کر سیلبریٹ کرتے ہیں تاہم اب ایسا کرنا ممکن نہیں ہوگا۔

پاکستان کے فاسٹ بولر نسیم شاہ کہتے ہیں کہ یوں فیلڈ پر دوری رکھنا مشکل ہوگا لیکن اس کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، بیماری سے بچنا ضروری ہے اور اس کے لئے گائیڈ لائنز کو فالو کرنا اہم ہے۔ سب پلیئرز کی کوشش یہی ہوگی کہ فیلڈ پر احتیاط کریں، جب حالات بہتر ہوجائیں گے تو سب پہلےجیسا نارمل ہوجائے گا۔

پاکستان کی جانب سے چار ٹیسٹ کھیلنے والے 17 سالہ فاسٹ بولر کا کہنا ہے کہ گیند کو چمکانے کیلئے بھی کھلاڑیوں کی اپنی عادتیں ہیں لیکن اب اس پر کنٹرول کرنا بھی ضروری ہوگا۔

واضح رہے کہ آئی سی سی کرکٹ کمیٹی نے اپنی سفارشات میں گیند کو چمکانے کیلئے کھلاڑیوں کے تھوک استمال کرنے پر پابندی کا نکتہ پیش کیا ہے تاکہ کرکٹ کی بحالی کے عمل میں وائرس کے پھیلاؤ کو روکا جاسکے۔

نسیم شاہ نے مزید کہا کہ وہ دورہ انگلینڈ کیلئے ذہنی طور پر تیار ہیں، ان کا پہلا انگلینڈ کا ٹور ہوگا اور کوشش ہوگی کہ اس دورے میں بہتر سے بہتر پرفارم کریں اور زیادہ سے زیادہ سیکھیں تاکہ ان کے کھیل میں مزید نکھار آسکے۔

ایک سوال پر نوجوان فاسٹ بولر نے کہا کہ انہیں سینٹرل کنٹریکٹ ملنے پر خوشی ہے، ان کا ہدف یہی ہے کہ انہیں جس فارمیٹ میں اور جہاں بھی موقع ملے، وہ اپنا بہتر سے بہتر کھیل پیش کرکے ٹیم کی جیت میں کردار ادا کریں۔

تازہ ترین