• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مجلس وحدت مسلمین نے یوم القدس منایا، ریلیاں نکالی گئیں

کراچی(اسٹاف ر پو ر ٹر)مجلس وحدت مسلمین کے زیر اہتمام کراچی،اسلام آباد، لاہور، کوئٹہ، پشاور، ملتان، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان سمیت ملک کے مختلف شہروں میںیوم القدس کے موقع پر ریلیاں نکالی گئیں اور مظاہرے کئے گئے۔ریلیوں کی قیادت ایم ڈبلیو ایم کے مرکزی و صوبائی قائدین نے کی۔کراچی میں مرکزی احتجاجی مظاہرہ جامع مسجد نورایمان کے باہر بعد نماز جمعہ کیا گیا ۔مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے ایم ڈبلیوایم کے رہنما علامہ باقرعباس زیدی ،علامہ صادق جعفری، علامہ مبشر حسن، علامہ علی انور جعفری،علامہ غلام عباس کمیلی، علامہ ملک غلام عباس ودیگر رہنماؤں نے کہاکہ مسئلہ فلسطین پر خاموشی صیہونیت کو تقویت دینے کے مترادف ہے۔القدس مسلمان حکمرانوں کی ہمدردیاں جانچنے کا بہترین پیمانہ ہے۔جن مسلم حکمرانوں کے دل میں اسلام کا درد ہے وہ قدس پر بے چین و بے قرار ہیں اور جو مسلمان قبلہ اول پر طاغوتی قبضے سے لاتعلقی ظاہر کر رہے ہیں انہوں نے محض اسلام کا لبادہ اوڑھ رکھا ہے۔مسلمانوں کے قبلہ اول پر صیہونیوں کے قبضے کے خلاف آج پوری دنیا میں آواز بلند ہو رہی ہے۔ کشمیر و فلسطین کا تنازع محض کسی زمین کے ٹکڑے کے حصول کے لیے نہیں بلکہ ایک تاریخی حقیقت کو جھٹلانے کے مترادف ہے۔

تازہ ترین