• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلائٹ اسٹیورڈ عرفان کے اہلِ خانہ ایدھی سرد خانے پہنچ گئے

کراچی میں گزشتہ روز پیش آنے والے پی آئی اے کے طیارے کے حادثے میں فلائٹ اسٹیورڈ ملک عرفان ڈھلوں بھی جاں بحق ہوئے ہیں۔

فلائٹ اسٹیورڈ ملک عرفان ڈھلوں کے اہلِ خانہ ان کی میت کی شناخت کے لیے بے تاب ہیں اور وہ کراچی میں ایدھی سرد خانے پہنچ گئے۔

فلائٹ اسٹیورڈ ملک عرفان ڈھلوں کے کزن نے بتایا کہ اب تک کہیں سے ملک عرفان ڈھلوں کی میت کے بارے میں پتہ نہیں چل سکا ہے۔

انہوں نے یہ بھی بتایا کہ ڈی این اے کے ذریعے لاش کی شناخت کے لیے کراچی یونیورسٹی میں خون کے نمونے دے کر آئے ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: طیارہ حادثہ، جاں بحق عملے کے اہلِ خانہ آج پہنچیں گے

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔

پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

تازہ ترین