آپ آف لائن ہیں
ہفتہ7؍شوال المکرم 1441ھ30؍مئی 2020ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تازہ ترین
آج کا اخبار
کالمز

طیارہ حادثہ: 12 افراد کی میتیں ورثاء کے حوالے

کراچی کے علاقے جناح گارڈن ماڈل کالونی میں گزشتہ روز گر کر تباہ ہونے والے پی آئی اے کے طیارے میں سوار 99 میں سے 97 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہو گئی، جن میں سے 12 افراد کی میتیوں کو ورثاء کے حوالے کر دیا گیا۔

حادثے میں 2 افراد زخمی ہوئے ہیں، جبکہ 19 جاں بحق افراد کی شناخت کر لی گئی ہے، باقی افراد کی شناخت ڈی این اے کے ذریعے کی جائے گی۔

ریسکیو حکام کے مطابق تمام لاشوں کو ڈی این اے کے نمونے لینے کے بعد سرد خانے منتقل کیا گیا۔

جامعہ کراچی میں ڈی این اے سیمپل دینے کے لیے ڈیسک قائم کی گئی ہے، جامعہ کراچی کی انتظامیہ کا کہنا ہے کہ گزشتہ رات تک 6 فیملیز نے خون کے نمونے جمع کرائے ہیں، اس وقت بھی نمونے حاصل کرنے کا عمل جاری ہے۔

پولیس کے مطابق 4 افراد کی میتوں کو جناح اسپتال سے ہی ان کے لواحقین لے کر روانہ ہوگئے تھے۔

چھیپا سرد خانے سے 5 میتیں جبکہ ایدھی سرد خانے سے 3 میتیں شناخت کے بعد لواحقین کے حوالے کی گئی ہیں۔

پولیس کے مطابق 40 افراد کی میتیں چھیپا سرد خانے میں جبکہ 35 میتیں ایدھی سردخانے میں موجود ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: طیارہ حادثہ، لاشیں ایدھی و چھیپا سرد خانے منتقل

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔

پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

قومی خبریں سے مزید