• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستان انیسواں ملک ہے جو کورونا سے زیادہ متاثر ہے، گورنر پنجاب


گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ پاکستان دنیا کا انیسواں ملک ہے جو کورونا وائرس سے زیادہ متاثر ہے۔

چوہدری محمد سرور نے ایک نجی تقریب سے خطاب کے دوران وبائی بیماری کورونا سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان انیسواں ملک ہے جو کورونا سے زیادہ متاثر ہے، لاک ڈاون میں نرمی معیشت کو تباہی سے بچانے کے لیے کی گئی ہے، عوام کو احتیاط برتنی چاہیے، احتیاط نہ کی تو نتائج بھیانک ہو سکتے ہیں ۔

گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے کہا ہے کہ کوروناوائرس کےباعث دنیا کی معیشت ڈوب گئی ہے۔

اس دوران انہوں نے مزید کہا ہے کہ وزیراعظم کورونا ریلیف فنڈ میں 50 کروڑ روپے جمع ہو چکے، پنجاب سمیت پاکستان میں دس لاکھ خاندانوں کو راشن فراہم کر چکے ، پنجاب میں صاف پانی کی فراہمی کے لیے 600 کروڑ کا بجٹ منظور ہوچکا ہے ۔

چوہدری محمد سرور کا چینی بحران رپورٹ سے متعلق بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ پچھلے چار سال میں 22 ارب روپے کی سبسڈی شوگر ملوں کو دی گئی، ہم نے صرف 3 ارب روپے کی سبسڈی دی، عمران خان نے بلا تفریق تحقیقات کروائی۔

چوہدری سرور نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان مینڈیٹ پورا کریں گے، پانچ سال وزیر اعظم رہیں گے۔

انہوں نے گزشتہ روز ہونے والے پی آئی اے طیارہ حادثے سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ اللّٰہ طیارے کے شہدا کے لواحقین کو صبر و جمیل عطا فرمائے۔

یہ بھی پڑھیئے: پاکستان میں کورونا کو سنجیدہ نہیں لیا گیا، گورنر پنجاب

اس دوران پاکستان کے معروف گلوکار اور پاکستان تحریک انصاف کے سیاسی رہنما ابرارالحق کا کہنا تھا کہ گورنر پنجاب درویش لیڈر اور پاکستان کے ارتغرل ہیں، چوہدری سرور کو سوشل ورکر اور عام آدمی کی خدمت کا عہدہ ملا ہے۔

تازہ ترین