• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثہ: تدفین کیلئے فی کس 10 لاکھ دینے کا فیصلہ

وزیرِ اعظم پاکستان عمران خان کی خصوصی ہدایت پر گزشتہ روز پیش آنے والے طیارہ حادثے کے جاں بحق افراد کی تدفین کے لیے لواحقین کو فی کس 10 لاکھ روپے ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان عبداللّٰہ خان کے مطابق طیارے میں شہید ہونے والوں کے جسدِ خاکی لواحقین کے حوالے کرنے کا عمل جاری ہے۔

ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ لواحقین کی تدفین کے لیے پی آئی اے کے قوانین کے مطابق 5 لاکھ روپے ادا کیے جاتے ہیں۔

ترجمان نے بتایا کہ وزیرِ اعظم عمران خان کی خصوصی ہدایت پر تدفین کے لیے فی کس 10 لاکھ روپے ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

پی آئی اے کے ترجمان نے بتایا کہ تدفین کے اخراجات پی آئی اے کے ڈسٹرکٹ منیجرز خود لواحقین کے گھر جا کر ادا کریں گے۔

ترجمان پی آئی اے عبداللّٰہ خان کا یہ بھی کہنا ہے کہ جائے حادثہ سے تمام لاشیں نکال لی گئی ہیں، جن میں سے 21 کی شناخت ہو چکی ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیئے: طیارہ حادثہ، 12 افراد کی میتیں ورثاء کے حوالے

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔

پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

تازہ ترین