• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثہ: برطانوی وزیرِ خارجہ و ہائی کمشنر کا اظہارِ افسوس

کراچی میں گزشتہ روز پی آئی اے کے طیارے کو پیش آنے والے حادثے پر برطانوی وزیرِ خارجہ ڈومینیک روب اور برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے افسوس و ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔

ایک بیان میں برطانوی وزیرِ خارجہ ڈومینیک روب نے طیارہ حادثے پر اظہارِ ہمدردی کرتے ہوئے کہا ہے کہ کراچی طیارہ حادثے اور انسانی زندگیوں کے ضیاع پر دلی صدمہ ہوا ہے۔

برطانوی وزیرِ خارجہ کا یہ بھی کہنا ہے کہ ہماری ہمدردیاں اس المناک حادثے کے تمام متاثرین کے ساتھ ہیں۔

برطانوی ہائی کمشنر کرسٹن ٹرنر نے بھی ایک بیان میں پی آئی اے طیارہ حادثے پر اظہارِ افسوس کیا ہے، انہوں نے کہا ہے کہ حادثے میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے اظہارِ ہمدردی کرتے ہیں۔

برطانوی ہائی کمشنر کا یہ بھی کہنا ہے کہ جہاز میں کوئی برطانوی شہری تھا یا نہیں اس سلسلے میں معلومات کے لیے پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز دوپہر کو لاہور سے کراچی آنے والی قومی فضائی ادارے (پی آئی اے) کی پرواز کراچی میں لینڈنگ سے 30 سیکنڈ قبل حادثے کا شکار ہوگئی تھی۔

ایوی ایشن ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 نے دوپہر 2 بج کر 40 منٹ پر جناح انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کرنا تھا۔

طیارہ لینڈنگ اپروچ پر تھا کہ کراچی ایئر پورٹ کے جناح ٹرمینل سے محض چند کلومیٹر پہلے ملیر ماڈل کالونی کے قریب جناح گارڈن کی آبادی پر گر گیا۔

یہ بھی پڑھیئے: طیارہ حادثہ: انویسٹی گیشن بورڈ قائم

حادثے کے بعد جہاز میں آگ لگ گئی جس نے قریبی آبادی کو بھی لپیٹ میں لے لیا، جبکہ طیارے کے مختلف حصے ٹوٹ کر آبادی میں بکھر گئے جنہوں نے مکانات کو نقصان پہنچایا تھا۔

طیارے میں سوار 97 افراد کی لاشیں نکال لی گئیں جبکہ 2 مسافر اس حادثے میں محفوظ رہے۔

پاک فوج، رینجرز، پولیس، سول ایوی ایشن، فائر بریگیڈ اور دیگر اداروں کی جانب سے امدادی کارروائیاں کی گئیں۔

تازہ ترین