• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید کے بعد کورونا کی صورتحال کا جائزہ لیکر فیصلے کرینگے: بزدار

عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عید کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتِ حال کا جائزہ لے کر فیصلے کیے جائیں گے


وزیرِ اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عید کے بعد صوبے میں کورونا وائرس کے پھیلاؤ کی صورتِ حال کا جائزہ لے کر فیصلے کیے جائیں گے۔

ایک بیان میں پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ چاند رات اور عید پر بازاروں اور مارکیٹوں میں کورونا وائرس کی ایس او پیز کی خلاف وزریوں پر تشویش ہے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کو ذمے داری کا ثبوت دیتے ہوئے احتیاط کے دامن کو ہاتھ سے نہیں چھوڑنا چاہیے۔

وزیرِ اعلیٰ پنجاب نے مزید کہا کہ کورونا کے خلاف حکومتی اقدامات پر عمل درآمد میں ہی شہریوں اور ان کے پیاروں کی حفاظت ہے۔

عثمان بزدار نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ عید سماجی فاصلے برقرار رکھتے ہوئے منائیں، آج کا وقتی فاصلہ مستقل فاصلوں سے بچائے گا۔

واضح رہے کہ لاک ڈاؤن میں نرمی کے ساتھ ہی پاکستان میں کورونا کیسز کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے، ملک میں کورونا کیسز کی تعداد 57 ہزار سے زائد ہو گئی۔

پاکستان میں کورونا وائرس کے کیسز کی تعداد 57 ہزار 616 ہو چکی ہے، جبکہ اس موذی وباء سے جاں بحق افراد کی کُل تعداد 1 ہزار 196 ہو گئی۔

یہ بھی پڑھیئے:

اپوزیشن کورونا پر پوائنٹ اسکورنگ میں مصروف ہے، عثمان بزدار

کورونا وائرس کے ملک میں 38 ہزار 106 مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جبکہ 18 ہزار 314 مریض اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔

ادھر صوبہ پنجاب میں کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد 20 ہزار 654 ہو چکی ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 352 ہو گئی ہیں۔

کورونا وائرس کے 14 ہزار 178 مریض صوبے بھر کے اسپتالوں اور قرنطینہ مراکز میں زیرِ علاج ہیں جبکہ 6 ہزار 124 مریض اب تک صحت یاب ہو چکے ہیں۔

تازہ ترین