مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال کا کہنا ہے کہ آج پاکستان کی معیشت تباہ ہوچکی ہے، کورونا کے بغیر بھی ملکی معیشت دیوالیہ ہوچکی تھی۔
احسن اقبال نے لاہور ماڈل ٹاؤن میں پریس کانفرنس کے دوران معیشیت اور ٹڈی دل سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اور سندھ میں ٹڈی دل نے لاکھوں ایکڑ پر فصلیں تباہ کیں، یہ نااہل، نالائق حکومت ہر روز ملک کے لیے مشکلات پیدا کر رہی ہے، ان کے پاس وہ مشینیں ہی نہیں جس سے ٹڈی دل کا خاتمہ ہو۔
احسن اقبال نے کہا ہے کہ کاش وزیراعظم عمران خان ایمرجنسی لگا کر اپنے آفس میں بیٹھتے، کسان پریشان ہیں اور وزیراعظم نتھیا گلی کی تصاویر جاری کر رہے ہیں، حکومت صرف مخالفین کی پگڑیاں اچھالتی ہے۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے مزید کہا کہ مطالبہ کرتا ہوں حکومت کسانوں کے نقصان کا فوری ازالہ کرے، ٹڈی دل کے خلاف فوری قومی ایکشن پلان بناکر قومی اسمبلی کو اعتماد میں لیا جائے، فوری طور پر ریلیف پیکج بناکر کسانوں کو دیا جائے۔
اپنی پریس کانفرنس کے دوران احسن اقبال نیب سے متعلق بات کرتے ہوئے کہا کہ ہمارا انتظامی ڈھانچہ نیب کے ہاتھوں مفلوج ہو چکا ہے، افسران کو جس طرح نیب کی جانب سے بلا کر ڈرایا گیا ہے اس سے انتظامی بحران ہے، اس وقت اور کوئی راستہ نہیں کہ اس حکومت رخصت کرکے نیا منڈیٹ لایا جائے۔
احسن اقبال نے کہا کہ نیب کا قانون کالا قانون ہے، اگر ملک کو چلانا ہے تو اسے قانون کو ملک کے آئین مطابق بنانا ہوگا۔
اُن کا کہنا تھا کہ اگر ملک کو بچانا ہے تو قومی اتفاق رائے سے نئے الیکشن کرائے جائیں، 18 ویں ترمیم اور نیب قانون کا آپس میں کوئی لنک نہیں ہے، مسلم لیگ ن کسی ایسی سازش کا حصہ نہیں بنے گی جس میں صوبوں کے حقوق پر ڈاکا ڈالا جائے۔