پشاور(سٹاف رپورٹر) جمعیت علمائے اسلام(ف) کے قائد مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ اسلامی نظریاتی کونسل نے پنجاب اور خیبر پختونخوا حکومت کی جانب سے تیارکردہ خقوق نسواں بل مسترد کردئیے ہیں اسلئے جمعیت علمائے اسلام نہ صرف خواتین کے حقوق کیلئے آواز اٹھائے گی بلکہ اسلامی تعلیمات کی روشنی میں حقوق نسواں بل بھی تیار کرے گی جس کیلئے جید علمائے کرام کی کمیٹی قائم کردی گئی ہے، ملک کی تمام مذہبی جماعتیں قرآن و سنت سے متصادم قانون سازی کا ہر قیمت پرراستہ روکنے کیلئے متفق ہیں، پاکستان کو سیکولر ملک بنانے کی سازش کامیاب نہیں ہونے دیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں جمعیت علمائے اسلام کی مرکزی کمیٹی اور صوبائی جنرل کونسل کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ، جس میں جمعیت کے یوم تاسیس کی تیاریوں کیلئے 20مختلف کمیٹیاں تشکیل دی گئیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ پنجاب اسمبلی کا پاس کردہ تحفظ حقوق خواتین بل حقیقت میںخواتین کے حقوق کے تحفظ کے نام پر خاندانی نظام تباہ کرنیکی سازش ہے، انہوں نے کہاکہ مغربی قوتوں کی ایماپر تیار کردہ بل ملک کو سیکولر بنانے کی مہم کا حصہ ہے جسکا ہر قیمت پر راستہ روکا جائےگا، انہوں نے کہاکہ جمعیت علمائے اسلام خواتین کے حقوق کیلئے آواز اٹھائے گی اور قرآن و سنت ، اسلامی تعلیمات اور معاشرتی اقدار کی روشنی میں جامع خواتین بل تیار کرے گی جس کیلئے جید علمائے کرام کی کمیٹی قائم کی گئی ہے انہوں نے کہاکہ جے یو آئی حکومت میں ہو یا نہ ہو ہر قیمت پر اسلام، پاکستان اور مدارس کا دفاع کرکے مغربی عزائم خاک میں ملائیں گے۔