• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طیارہ حادثے کی شکار زارا عابد کی پہلی شارٹ فلم ریلیز

کراچی میں 22 مئی کو حادثے کا شکار ہونے والی پی آئی اے کی پرواز پی کے 8303 میں جاں بحق ہونے والی معروف ماڈل زارا عابد کی پہلی شارٹ فلم ’سکہ‘یوٹیوب پر ریلیز ہوگئی۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق یوٹیوب پر ریلیز کی جانے والی شارٹ فلم ’سکہ‘ کے ہدایت کار احمد صارم ہیں جبکہ یہ فلم زارا عابد کی زندگی کی پہلی اور آخری فلم ثابت ہوئی۔

فلم ’سکہ‘ کے آغاز میں ماڈل زارا عابد کو خراج تحسین پیش کیا گیا ہے، فلم کی ٹیم کی جانب سے اُن کے لیے ایک پیغام جاری کیا گیا ہے جس میں لکھا ہے کہ ’’زارا تمہارے لیے اور تمہارے کبھی نہ ختم ہونے والے پیار کے لیے، اپنی صلاحیتوں کو ہمارے ساتھ بانٹنے کا بہت شکریہ، یہ ہمیشہ ہمارے دلوں میں زندہ رہے گا۔ آپ کی روح کو سکون ملے۔‘‘

یہ بھی پڑھیے: زارا عابد کے انتقال پر شوبز ستارے غمزدہ

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس مختصر فلم میں کوئی ڈائیلاگ نہیں ہے جبکہ اداکارہ صبا قمر نے فلم میں کہانی بیان کی ہے، جس میں زارا کو دو ایسی خواتین کے روپ میں دکھایا گیا ہے جو ایک بالکل الگ زندگی گزار رہی ہیں لیکن ان کی خواہشات ایک جیسی ہیں۔

اس فلم میں دونوں خواتین کے کردار زارا عابد نے بخوبی نبھائے ہیں، ایک کردار میں وہ عام سی غریب لڑکی بنی ہیں جبکہ دوسرے میں وہ ایک امیر لڑکی کے روپ میں نظر آرہی ہیں۔

واضح رہے کہ کراچی میں حادثے کا شکار ہونے والے طیارے میں 99 افراد سوار تھے۔ محکمہ صحت سندھ کے حکام نے بتایا کہ 2 مسافر محمد زبیر اور ظفر مسعود حادثے میں معجزاتی طور پر بچ گئے جبکہ 97 کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے۔

زارا عابد پاکستان فیشن انڈسٹری میں تیزی سے اُوپر کی جانب جارہی تھیں اور رواں سال انہوں نے ہم اسٹائل ایوارڈز میں بہترین فیمیل ماڈل کا ایوارڈ اپنے نام کیا تھا۔

انہوں نے انڈسٹری کے معروف ڈیزائنرز کے ساتھ کام کیا اور کیرئیر کا آغاز ثنا سفیناز کے ساتھ کیا جبکہ بہت جلد وہ عظیم سجاد کی فلم چوہدری سے بڑی اسکرین پر بھی ڈیبیو کرنے والی تھیں۔

تازہ ترین