• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کورونا، دنیا بھر میں لاک ڈاؤن ختم کرنے کی تیاریاں، مسجد اقصیٰ اتوار کو کھول دی جائے گی

کراچی (نیوز ڈیسک) دنیا بھر کے بیشتر ممالک میں کورونا کے نئے کیسزاور اموات میں کمی کے بعد کئی ممالک میں لاک ڈائون ختم کرنے کی تیاریاں، روس نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی انتہا ختم ہوگئی۔

روس کے دارالحکومت ماسکو کی میئر نے پیر کے روز سے لاک ڈاون میں نرمی کا اعلان کردیا ہے، لاک ڈاون میںنرمیوں سے دنیا بھر کی اسٹاک مارکیٹوں کے شیئرز بڑھ گئے ، امریکا میں کورونا سے مزید 950افراد کی ہلاکت کے بعد ہلاکتوں کی تعداد 1لاکھ 1ہزار 529ہوگئی ہے۔

دنیا بھر میں کورونا سے ہلاکتیں 3لاکھ 55ہزار سے تجاوز کرگئی ہیں، برازیل میں مزید 197افراد دم توڑ گئے جس کے بعد وہاں ہلاکتیں 24ہزار 726ہوگئی ہے۔

برازیل کیسز کے لحاظ سے دوسرے نمبر پر آگیا ، مجموعی کیسز 3لاکھ 96ہزار سے بڑھ گئے ، روس میں مزید 161ہلاکتیں، کیسز 3لاکھ 70ہزار سے بڑھ گئے،اسپین میں کورونا وائرس کے باعث زندگی کی بازی ہار جانے والے 27ہزار افراد کی یاد میں 10 روزہ سوگ کا آغاز ہوگیا، ڈبلیو ایچ او نے فنڈنگ کیلئے نئی فائونڈیشن بنالی۔

آکسفورڈ یونیورسٹی کے زیرقیادت بین الاقوامی ہائیڈرو آکسی کلوروکوئن کے مقدمے کی سماعت روک دی گئی، فرانسیسی حکومت نے ڈاکٹروں کو کوویڈ 19 کے مریضوں کے علاج کے لیے ہائیڈرو آکسی کلوروکوئن دینے کی اجازت نامے کو منسوخ کردیا ہے جبکہ بھارت نے کلوروکوئن کے استعمال کی حمایت کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سلطنت عمان نےدارالحکومت مسقط میں اتوار سے لاک ڈاون ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے،عمان کی سپریم کمیٹی کے مطابق ملک میں ترتیب وار سرگرمیاں بحال کی جائینگی، مسجد الاقصیٰ کے منتظمین نے کہا ہے کہ قبلہ اول کو اتوار کے روز سے شہریوں کیلئے کھول دیا جائیگا۔

سوئٹزرلینڈ نے کہا ہے کہ اگر شہریوں نے حفاظتی اقدامات پر عمل کیا تو 6جون سے پابندیوں میں نرمی کردی جائیگی ، سوئس صدر سائمنٹا سومرگا نے برن میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ سوئٹزرلینڈ کا دوبارہ جنم ہوا ہے ، ہم جانتے ہیں کورونا پرکنٹرول کیا جاسکتا ہے،ہانگ کانگ میں سینئر طلبہ کیلئے سیکڑوں سیکنڈری اسکولز کھول دیے گئے۔

یہ جنوری کے آخر کے بعد پہلی مرتبہ ہے کہ ہانگ کانگ میں تعلیمی اداروں کو کھول دیا گیا ہے، پرائمری لیول کے طلبہ کیلئے آئندہ ہفتے سے بالترتیب کلاسز کا انعقاد کیا جائیگا ، ترکی دارالحکومت کا مشہور و معروف گرینڈ بازار 2 ماہ تک سخت پابندیوں کے بعد آئندہ پیر کے روز سے کھول دیا جائے گا، خلافت عثمانیہ کے دور میں قائم ہونے والے اس بازار میں روزانہ ڈیڑھ لاکھ سیاح آتے ہیں، دنیا بھر میں لاک ڈائون میں نرمیوں کے اعلانات کے بعد عالمی سطح پر اسٹاک مارکیٹس میں بہتری دیکھنے میں آئی۔

لندن اور فرینکفرٹ کی اسٹاک مارکیٹوںمیں 1.3،1.3فیصد بہتری رہی ، پیرس کی اسٹاک مارکیٹ میں 1.8فیصد بہتری ہوئی ، یورپی اسٹاک میں 1.7فیصد، نیویارک کے اسٹاک میں 0.6فیصد اور ٹوکیو کے اسٹاک میں 0.7فیصدبہتری دیکھنے میں آئی ، اسی طرح عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 4.1فیصد کمی ہوئی جس کے بعد خام تیل 35.23ڈالر فی بیرل کا ہوگیا ، امریکی تیل میں 5.3فیصد کمی کے بعد اس کی قیمت 32.35ڈالر ہوگئی۔

عالمی ادارہ صحت ڈبلیو ایچ او نے فنڈنگ کیلئے نئی فاونڈیشن بنالی، ڈبلیو ایچ او کے سربراہ کا کہنا ہے کہ نئی فائونڈیشن امریکا کی جانب سےعالمی ادارہ صحت کی فنڈنگ روکنے کے جواب میں قائم نہیں کی گئی ہے بلکہ یہ ادارے کی فنڈنگ میں وسعت دے گی ،تھائی لینڈ کے وزیراعظم نے پارلیمنٹ پر زور دیاہے کہ وہ معیشت کی بحالی کیلئے 60ارب ڈالر کی تاریخی بل کی منظوری دیں ، جنوبی ایشیا کی دوسری بڑی معیشت کورونا کے بعد سے رواں برس 5سے 6فیصد تک سکڑ چکی ہے جس کے باعث لاکھوں افراد بے روزگار ہوچکے ہیں۔

عالمی توانائی ایجنسی نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں کورونا وائرس کے باعث توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری میں ریکارڈ کمی ہوئی ہے، عالمی توانائی ایجنسی کے مطابق کورونا کی عالمی وباء سے قبل توانائی کے شعبے میں فنڈنگ میں دو فیصد اضافہ ہورہا تھا تاہم اب اس میں 20فیصد کمی ہوئی ہے۔

طیاروں میں استعمال ہونے والے ایندھن میں سرمایہ کاری 30فیصد تک گری ہے جبکہ کوئلے میں سرمایہ کاری 15فیصد کم ہوئی ہے۔

تازہ ترین