پاکستان کی نامور اداکارہ اور سماجی کارکن نادیہ جمیل کا کہنا ہے کہ زندگی میں ہمیشہ سپورٹ کرنے اور سہارا دینے والوں کی قدر کریں۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اداکارہ نے اپنے ایک ٹوئٹ میں موذی مرض کینسر کے علاج کے دوران ان کے لیے دعائیں اور نیک خواہشات کا اظہار کرنے والوں کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ ایسے پیغامات کی وہ بہت قدر کرتی ہیں ۔
انہوں نے اپنے پیغام میں بتایا کہ اس بیماری کے دوران انہیں ایسی کمزوریوں کا سامنا کرنا پڑا جیسا زندگی میں پہلے کبھی نہیں کیا تھا۔
نادیہ جمیل کا کہنا تھا کہ اس بیماری سے انہوں نے دو باتیں سیکھی ہیں کہ جو آپ کو سپورٹ کریں اُن کی ہمیشہ قدر کریں اور جو آپ کو چھوٹا، بُرا اور غیر محفوظ محسوس کروائیں، ایسے لوگوں کو اپنی زندگی میں کوئی جگہ نہ دیں۔
نادیہ جمیل نے لکھا کہ یہی فیصلے کا وقت ہے۔
اس سے قبل اپنے ایک سوشل میڈیا پیغام میں نادیہ جمیل نے بتایا تھا کہ اُن کا بریسٹ کینسر کی کیمو تھراپی کا دوسرا مرحلہ مکمل ہو گیا ہے۔
نادیہ جمیل نے بتایا کہ کیمو تھراپی کے دوسرے مرحلے میں ان کے بال چلے گئے، جسم بہت کمزور ہے لیکن میری روح روز بروز مضبوط ہوتی جارہی ہے۔
واضح رہے کہ نادیہ جمیل نے 3 اپریل کو ایک ٹوئٹ کے ذریعے اپنے مداحوں کا اِس بات سے آگاہ کیا تھا کہ اُن کو بریسٹ کینسر کی تشخیص ہوئی ہے۔