• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مسئلہ کشمیر کے حل تک کشمیریوں کو ملنے کا موقع دیا جائے، عبدالعزیز

وٹفورڈ (نمائندہ جنگ) مسئلہ کشمیر کے حل ہونے تک ریاست کے دونوں اطراف کشمیری عوام کو آپس میں ملنے دیا جائے۔ اقوام متحدہ پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ خطے میں امن و امان قائم کرنے کے لئے عملی اقدامات کرے ۔ بھارت اور پاکستان اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت مسئلہ کشمیر حل کرنے کے لیے مذاکرات شروع کریں۔ ان خیالات کا اظہار مقبوضہ جمون کشمیر ڈسٹرکٹ پونچھ آف مینڈھر سے ممتاز کشمیر ی رہنما سابق ہیڈ ماسٹر عبدالعزیز نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ عبدالعزیز نے کہا ریاست کے دونوں اطراف کشمیر ی عوام مسئلہ کشمیر کا پر امن حل چاہتے ہیں ۔ بھارت کشمیر ی عوام کو اقوام متحدہ کی قرار دادوں کے تحت حق خودارادیت دے۔ جنگ کسی بھی مسئلے کا حل نہیں ۔ دونوں ملک سابقہ جنگوں سے سبق حاصل کریں۔ ان ستر سالوں میں کشمیریوں نے کچھ حاصل نہیں کیا ۔ آج بھی کشمیر کی صورتحال ہمارے سامنے ہے۔ سرحدوں کے حالات انتہائی کشیدہ ہیں۔ کنٹرول لائن کے دونوں اطراف فائرنگ سے کشمیر ی مارے جا رہے ہیں۔ عوام گھروں میں محصور ہیں۔ لاک ڈاون کے باعث عوام ہر طرح کی سہولیات سے محروم ہیں۔ انہوں نے کہا روزنامہ جنگ کی وساطت سے اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری انٹونیو گوتریس سمیت پاکستان اور بھارت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے سہہ فریقی مذاکرات کےلئے عملی اقدامات کئے جائیں۔ کیونکہ کشمیر ی مسئلہ کشمیر کے بنیادی فریق ہیں۔ نہ ہی مسلہ کشمیر دوطرفہ مسئلہ ھے۔ عبدالعزیز نے جنگ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا دونوں ملک کشمیر ی عوام کی رائے کا احترام کرتے ہوئے کنٹرول لائن کھول دیں، لوگوں کو آپس میں ملنے دیا جائے۔ ستر سال ریاست کے دونوں اطراف خونی رشتے آپس میں تقسیم ہیں۔
تازہ ترین