• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جسٹس فائز عیسیٰ اور جسٹس کے کے آغا کیخلاف دائر صدارتی ریفرنس کیخلاف سماعت منگل کو ہوگی

اسلام آباد(نمائندہ جنگ) سپریم کورٹ نے جسٹس قاضی فائز عیسیٰ اور جسٹس کے کے آغا کے خلاف پی ٹی آئی کی وفاقی حکومت کی جانب سے اثاثے اور جائیدادیں چھپانے سے متعلق دائر صدارتی ریفرنسز کیخلاف دائر کی گئی آئینی د رخواستیں 2جون کو سماعت کے لئے مقرر کردی ہیں۔ جسٹس عمر عطا بندیال کی سربراہی میں جسٹس مقبول باقر، جسٹس منظور احمد ملک، جسٹس فیصل عرب، جسٹس مظہر عالم میاں خیل ، جسٹس سجاد علی شاہ، جسٹس سید منصور علی شاہ، جسٹس یحی ٰ آفریدی اور جسٹس قاضی محمدامین احمد پر مشتمل 10رکنی فل کورٹ بنچ کیس کی سماعت کرے گا۔یاد رہے کہ اس سے قبل 24 فروری 2020کو ہونے والی سماعت کے دوران نئے نئے مقرر ہونے والے اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے اس مقدمہ میں وفاق کی جانب سے پیش ہونے سے معذرت کرتے ہوئے موقف اختیار کیا تھا کہ میں اس سے قبل اسی مقدمہ کے حوالے سے اپنی رائے دے چکا ہوں،جس کے بعد میرا پیش ہونا مناسب نہیں ہے۔میں ذاتی طور پر اس کیس میں وفاق کی نمائندگی نہیں کر سکتا ۔ جس پرجسٹس عمر عطا بندیال نے کہا تھا کہ اٹارنی جنرل کی جانب سے معذرت کے بعد عدالت کی نظر میں ایڈیشنل اٹارنی جنرل چوہدری عامر حمان ہی سب سے زیادہ اہمیت کے حامل ہیں،انہوںنے کہا تھا کہ عدالت عامر رحمان کوتیاری کے لیے مناسب وقت دینے کو تیار ہے، جس کے بعد کیس کی مزید سماعت اس حکم کے ساتھ تین ہفتوں کے لیے ملتوی کردی گئی تھی کہ اگر آئندہ سماعت تک وفاق کا نیا وکیل تیاری کیساتھ عدالت میںپیش نہ ہوا تو ایڈیشنل اٹارنی جنرل عامر رحمان ہی دلائل دیں گے ۔
تازہ ترین