کراچی(اسٹاف رپورٹر) قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان حنیف خان نے کہا ہے کہ 1983میں قومی ہاکی ٹیم کے دورہ ہانگ کانگ کے موقع پر قومی ٹیم کے کچھ آفیشلز اسمگلنگ میں ملوث تھے جس سے ملک کی بہت زیادہ بدنامی ہوئی،ایک انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ 1983میں ٹیم کا کپتان تھا اور پاکستان ٹیم ہانگ کانگ سے وطن واپس آرہی تھی اور سامان میں گاڑیوں کے پارٹس، چشموں کے فریم اور وی سی آر شامل تھے۔ ایک سے ڈیڑھ کروڑ روپے لاگت کا یہ سامان پاکستان ہاکی ٹیم کے ساتھ بھیجا کیا گیا اور ائیر پورٹ پر کسٹم حکام نے پاکستان ہاکی ٹیم کو اسمگلنگ کے سامان سے آگاہ کیا، تحقیقات ہوئیں تو اس میں ٹیم کے کچھ آفیشلز ملوث تھے لیکن پاکستان کا نام مزید بدنام ہونے سے بچانے کے لیے کیس کو دبا دیا گیا۔انہوں نے کہا کہ بعد میں بھی کھلاڑیوں کو بیرون ملک سلپ کرانے کے الزامات بھی سامنے آئے، انہوں نے قومی ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اصلاح الدین پر الزام عائد کیا کہ وہ پی ایچ ایف کے سکریٹری بننے کے لئے ایک اہم شخصیت سے دبائو ڈالوارہے ہیں۔