• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

PIA کی تاریخ میں پہلی مرتبہ نیو جرسی ایئرپورٹ پر لینڈنگ


پاکستان انٹرنیشنل ایئرلائنز (پی آئی اے) کی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی ایئرلائنز کی پرواز نے امریکی شہر نیو جرسی کے ایئرپورٹ پر لینڈنگ کی ہے۔

ترجمان پی آئی اے کے مطابق قومی ایئر لائن کی پہلی نان اسٹاپ پرواز امریکا کی ریاست نیو جرسی کے نیورک ایئر پورٹ پر اتر گئی ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ قومی ایئرلائنز پی آئی اے کا کوئی طیارہ پاکستان سے براہِ راست امریکہ کے شہر نیو جرسی پہنچا ہے۔

پی آئی اے کی پرواز پی کے 8711 اتوار کی صبح پاکستان کے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے 200 سے زائد مسافروں کو لے کر امریکا روانہ ہوا تھا۔

پی آئی اے کے بوئنگ 777 نے ٹیک آف کے بعد مسلسل 13 گھنٹے 44 منٹ کا سفر کیا۔

اس پرواز نے امریکا کے مقامی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجکر 42 منٹ جبکہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 10 بجکر 42 منٹ پر نیو جرسی کے نیویارک ایئر پورٹ پر لینڈ کیا۔

پی آئی اے ذرائع کے مطابق اس پرواز سے 200 سے زائد پاکستانی مسافر امریکا کے نیویارک ایئرپورٹ سے پاکستان کے لیے سفر کر رہے ہیں جو پیر کو امریکا سے براہِ راست اسلام آباد واپس پہنچے گی۔

ترجمان کے مطابق پی آئی اے نے کچھ عرصہ قبل امریکا سے براہِ راست پروازوں کی اجازت مانگی تھی۔

انہوں نے کہا کہ اگر مستقل بنیادوں پر اجازت مل گئی تو پی آئی اے امریکا کے لیے براہِ راست پروازیں شروع کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔

تازہ ترین