مسلم لیگ نون کے رہنما احسن اقبال اسلام آباد نے مطالبہ کیا ہے کہ اب وزیرِ اعظم عمران خان کو بھی مستعفی ہو جانا چاہئے تاکہ چینی کے معاملے کی شفاف تحقیقات ہوسکیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے رہنما نون لیگ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ چینی پر سبسڈی دے کر جیبیں بھری گئیں، چینی مہنگی کرنے والے پی ٹی آئی کے لوگ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ عمران خان کو پرویز مشرف سے عبرت لینی چاہیے، آج مشرف کا کیا انجام ہوا ہے، مشرف کی ڈکٹیٹر شپ اور فسطائیت نہیں چلی تو عمران خان کی واسکٹ کے ساتھ ڈکٹیٹر شپ کیسے چلے گی۔
احسن اقبال نے کہا کہ تحریکِ انصاف نے پارلیمنٹ اور آئین کو بلڈوز کیا، ہم نے تحریکِ انصاف کے خلاف کیسز میں ایسی پیروی اس لیے نہیں کی کہ یہ تاثر نہ جائے کہ ہم انتقامی کارروائی کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے اسکروٹنی کمیٹی کو ہدایت دی ہے کہ ایک ہفتے میں رپورٹ پیش کرے، 23 جون کو الیکشن کمیشن نے ہمیں بھی بلایا ہے تاکہ اپنی رائے دیں۔
رہنما نون لیگ کا کہنا ہے کہ ہم اپنی قانونی اور جمہوری جنگ لڑیں گے، مسلم لیگ نون کے خلاف کارروائیوں کے پیچھے عمران خان ہیں۔
یہ بھی پڑھیئے: عمران کی فرعونیت کا مقابلہ کریں گے، احسن اقبال
انہوں نے کہا کہ ٹڈی دل نے فصلوں کو تباہ کر دیا، عمران خان کو اس کی کوئی فکر نہیں، زراعت کو 8 ارب روپے کا نقصان ہوچکا ہے اس کی فکر نہیں۔
احسن اقبال نے مزید کہا کہ لاہور میں 6 لاکھ افراد کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں اس کی فکر نہیں، نہ کورونا کو ختم کرنا ہے نہ ٹڈی دل کو، ان کو صرف نون لیگ کی قیادت کو جیل کے اندر کرنا ہے۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہم حکومت پر تنقید کرتے ہیں، اس لیے ہمیں جھوٹے کیسز میں اندر کیا جاتا ہے، ہم قوم کو بتاتے ہیں کہ عمران خان ملک کو تباہ کر رہے ہیں۔