• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پیراگون کیس: وعدہ معاف گواہ کا بیان قلمبند نہ ہونے پر عدالت برہم

احتساب عدالت لاہورمیں پیراگون ہاؤسنگ ریفرنس کی سماعت



لاہور کی احتساب عدالت نے پیراگون کیس میں وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کا بیان قلمبند نہ کرانے پر برہمی کا اظہار کیا۔

احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی ریفرنس پر سماعت ہوئی جہاں خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق عدالت میں پیش ہوئے۔

دوران سماعت عدالت نے نیب پراسیکیوٹر سے استفسار کیا کہ خواجہ برادران کے خلاف وعدہ معاف گواہ قیصر امین بٹ کہاں ہیں؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ وہ بیمار ہیں اور احاطہ میں ایمبولینس میں موجود ہیں اور ان کا ڈاکٹر کمرہ عدالت میں موجود ہے۔

عدالت نے برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہر پیشی پر ایسے نہیں چلے گا، نیب کیوں گواہوں کو پیش نہیں کر رہا؟ اتنی سستی کیوں دکھا رہا ہے؟

عدالت نے مزید کہا کہ ہر بار ایک ڈاکٹر یا میڈیکل رپورٹس لے آتے ہیں جس کی کوئی حیثیت نہیں، قیصر امین بٹ کے اسپتال کا نام بھی کسی کو نہیں پتہ۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ سرکاری اسپتال میں علاج کرائے جن کی میڈیکل رپورٹس کی حیثیت بھی ہو، اگر قانون کے مطابق نہیں چلنا تو نیب بند کر دو۔

جج نے کہا کہ میں بھی کسی کو جواب دہ ہوں، اگر ایسا ہے تو مجھ سے یہ کیس ٹرانسفر کروا لو۔

عدالت نے 17 جون کو قیصر امین بٹ کو شہادت ریکارڈ کروانے کے لیے پابند کرتے ہوئے سماعت ملتوی کر دی۔

عدالت کی جانب سے قیصر امین بٹ کی حاضری ایمولینس میں جا کر لگوائی گئی۔

تازہ ترین