• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی سے بھی چھوٹے پی سی بی ملازمین کی چھانٹی شروع، ملک بھر میں 70 سرپلس قرار

کراچی (عبدالماجد بھٹی/ اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ بورڈ نے ری اسٹرکچرنگ کے نام پرتقریباً70 ملازمین کو سرپلس قرار دے کر ملازمت سے فارغ کر نے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے ۔ بدھ کو مزید ملازمین کو لیٹر بھیج دیئے گئے۔کئی کو برطرفی کے خطوط چند دن میں مل جائیں گے۔ یکم جولائی سے ان ملازمین کو گھر رخصت کرنے کی تیاری مکمل کردی گئی ہے۔ ان بر طر فیوں کا کووڈ سے کوئی تعلق نہیں ہے نہ ہی پی سی بی کے مالی مسائل کی وجہ سے ان ملازمین کو فارغ کیا گیا ہے۔ پی سی بی کا کہنا ہے ستر ملازمین کو فارغ کرنے کے ساتھ موجودہ افسران اورملازمین کی تنخواہوں اورمراعات میں کٹوتی کی کوئی تجویز نہیں ہے۔ پی سی بی سے اسسٹنٹ منیجر کی پوسٹ بھی ختم کردی گئی ہے۔ لاہور کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی سے بھی نچلے درجے کے ملازمین کی چھانٹی شروع کردی ہے۔چھ افراد کو فارغ کیا جارہا ہے۔ پی سی بی کا شعبہ ایچ آر اس سلسلے میں متحرک ہے۔ پی سی بی ملک بھر میں اپنے آٹھ سو ملازمین سے بڑی تعداد میں ایسے ملازمین کو فارغ کررہا ہے جنہیں سرپلس قرار دیا جارہا ہے۔ پی سی بی کا دعوی ہے کہ یکم جولائی کو نئے مالی سال کے موقع پر ان ملازمین کو فارغ کیا جارہا ہے جو فالتو تھے کوئی نئی تقرری نہیں کی جارہی ہے بعض ملازمین کو ان ہائوس ترقی دی جارہی ہے۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ جن 70ملازمین کو فارغ کیاجارہا ہے ان میں سے ایسے ملازمین بھی شامل ہیں جو ایک ایک پوسٹ پر تین تین لوگ کام کررہے تھے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ چیف فنانشل آفیسر کی پوسٹ کو جلد ایڈورٹائز کیا جائے گا ۔ ان کے علاوہ کوئی نئی تقرری نہیں کی جائے گی۔ فیلڈنگ کوچ کا تقرر مصباح الحق کریں گے لیکن اگر ضرورت نہ پڑی تو پی سی بی سے کسی فیلڈنگ کوچ کا تقرر کیا جائے گا۔ حیران کن بات یہ ہے کہ ایک طرف نچلے اسٹاف کو فارغ کیا جارہا ہے دوسری جانب پاکستان ٹیم میں شامل فیلڈنگ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور بولنگ کوچ وقار یونس ڈھائی ماہ سے نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں بیٹھ کر ڈالرز میں بھاری تنخواہ لے رہے ہیں۔ بورڈ ترجمان کا کہنا ہے کہ پی سی بی کا پیسہ کرکٹ پر خرچ کیا جائے گا۔ اسی لیے دو ڈائریکٹرز مدثر نذر اور ہارون رشید کی جگہ ایک ڈائریکٹر ندیم خان کو رکھا گیا ہے۔ پی سی بی ترجمان کا کہنا ہے کہ ہر سطح پر فالتو ملازمین کو فارغ کیا جارہا ہے۔

تازہ ترین