• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

میرے نزدیک بینظیر بھٹو ایک شیکسپیرین ہیروئن ہیں، مہوش حیات

 بینظیر بھٹو کا کردار ادا کرنا میرے لیے اعزاز ہے، مہوش حیات


پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات کا کہنا ہے کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اُن کے نزدیک ایک شیکسپیرین ہیروئن ہیں۔

مہوش حیات نے اپنے حالیہ انٹرویو میں پاکستان کی سابقہ وزیر اعظم بے نظیر بھٹو کی زندگی پر مبنی فلم کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’میں ابھی اِس فلم کے بارے میں زیادہ تفصیل سے بات نہیں کرنا چاہتی ہوں کیونکہ یہ فلم ابھی ابتدائی مراحل میں ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’مجھے عوامی سطح پر اِس فلم کے بارے میں زیادہ کچھ بتانے کی اجازت نہیں ہے لیکن اتنا کہنا چاہوں کہ محترمہ بے نظیر بھٹو میرے لیے ایک شیکسپیرین ہیروئن ہیں اور یہی وجہ ہے کہ میں نے اُن کا کردار نبھانے کا انتخاب کیا۔‘

اُنہوں نے کہا کہ ’فلم میں محترمہ بے نظیر کے آکسفورڈ کے دنوں کو دِکھانا اور جس طرح اُنہیں شہید کیا گیا، اُن کی تمام تر خدمات کو بطور کردار فلم میں ادا کرنا میرے لیے ایک بہت بڑے اعزاز کی بات ہے۔‘

مہوش حیات نے بھارتی فلم انڈسٹری کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’بالی ووڈ ایک بہت بڑی اور کامیاب فلم انڈسٹری ہے وہ اپنے کام سے پاک بھارت تعلقات کو بہتر کرسکتی ہے لیکن بالی ووڈ فلموں میں ہمیشہ پاکستان کو ایک منفی کردار میں دکھایا جاتا ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’بالی ووڈ کو اِس فیصلے پر نظر ثانی کرنی چاہیے کہ وہ مستقبل میں امن چاہتے ہیں یا پھر نسل پرستی کی بنیاد پر بدامنی، اگر وہ امن چاہتے ہیں تو اُن کو اپنی فلموں میں اِس چیز کو لانا ہوگا۔‘

اُنہوں نے پاکستان فلم انڈسٹری کے حوالے سے کہا کہ ’ہمارےسینما کی بحالی میں وقت لگے گا جس طرح ہماری ڈرامہ انڈسٹری نے ترقی کی ہے اِسی طرح ایک دن ہماری فلمیں بھی کامیابی کی اُس سطح پر فائز ہوں گی۔‘

مہوش حیات نے اپنے انٹرویو میں انکشاف کیا کہ ’میں کسی بھی کردار کے انتخاب کرنے سے پہلے اُس کے بارے میں جانتی ہوں کہ اِس کردار کی خاصیت کیا ہے اور اِس کردار میں عورت کو مضبوط دکھایا گیا ہے یا نہیں، یہ سب جاننے کے بعد ہی میں وہ کردار نبھاتی ہوں ۔‘

یاد رہے کہ اِس سے قبل مہوش حیات نے اپنے ایک انٹرویو میں بے نظیر بھٹو کی زندگی پر بننے والی فلم کے حوالے سے کہا تھا کہ ’محترمہ بے نظیر بھٹو میرے لیے ایک ہیرو ہیں اور اُن کی زندگی میرے لیے متاثر کن ہے۔‘

مہوش حیات نے کہا تھا کہ ’اِس فلم کو کرنے کا مقصد یہ ہے کہ ہماری آنی والی نسلوں کو پاکستان کی ایک بہادر اور نڈر خاتون محترمہ بے نظیر بھٹو کی جدوجہد کے بارے میں معلوم ہو کہ اُنہوں نے اپنے ملک کی ترقی کی خاطر کس قدر محنت کی۔‘

تازہ ترین