وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی نے ملتان میں کورونا وائرس کو کنٹرول کرنے کے لیے ٹائیگر فورس سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا ہے۔
وزیرِ خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی نے اپنے حلقہ این اے 156 سے کورونا بچاؤ مہم کا آغاز کر دیا ہے۔
وزیرِ خارجہ نے ملتان کی مختلف یونین کونسلز سے وزیرِ اعظم عمران خان کی اپیل پر ٹائیگر فورس میں شمولیت اختیار کرنے والے نوجوانوں سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کیا۔
شاہ محمود قریشی کا اپنے خطاب میں کہنا تھا کہ ملک بھر کے نوجوانوں نے جس طرح سے وزیرِ اعظم عمران خان کی اپیل پر لبیک کہا ہے وہ اپنی مثال آپ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نوجوان تحریکِ انصاف کا وہ اثاثہ ہیں جنہوں نے ہر کڑے وقت میں آگے بڑھ کر ملک و قوم کی خدمت کا بیڑا اٹھایا ہے، اس وقت پوری قوم کورونا وائرس کی وباء کی صورت میں ایک کڑے امتحان سے گزر رہی ہے۔
وزیرِ خارجہ نے مزید کہا کہ ہم نے مل کر بحیثیت قوم اس عالمی وباء سے لڑنا ہے اور انشاء اللّٰہ اسے شکست دینا ہے۔
انہوں نے ٹائیگر فورس پر زور دیا کہ وہ غریب اور سفید پوش طبقہ جو کورونا وباء اور معاشی سرگرمیاں معطل ہونے کے باعث گھروں تک محدود ہو کر رہ گیا ہے ان کا پتہ چلانا ہے اور ان کو رازداری کے ساتھ راشن پہنچانا آپ کی ذمے داری ہے۔