• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نیب نیازی گٹھ جوڑ ختم ہونا چاہیے، قمر زمان کائرہ

پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) وسطی پنجاب کے صدر قمر زمان کائرہ نے مطالبہ کیا ہے کہ نیب نیازی گٹھ جوڑ ختم ہونا چاہیے۔

پیپلز پارٹی پنجاب کے زیرِ اہتمام آل پارٹیز کانفرنس (اے پی سی) کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے پیپلز پارٹی کے رہنما قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ آج ہمارا ایجنڈا کورونا اور اس سے پیدا شدہ صورتحال تھی۔

انہوں نے بتایا کہ ملک میں ٹڈل دل اور اس سے پیدا ہونے والی صورتحال بھی ہمارے ایجنڈے میں شامل تھی۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ قومی احتساب بیورو (نیب) اور وزیراعظم عمران خان کے اس گٹھ جوڑ کو ختم ہونا چاہیے۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ یہ لوگ پیش گوئی کر رہے تھے کہ عید کے بعد اپوزیشن کی گرفتاریاں ہوں گی، تاہم اب مسلم لیگ (ن) اور پاکستان پیپلز پارٹی کے لوگ حراست میں ہیں۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ ہے کہ نیب قوانین شفاف ہوں اور بلا تفریق احتساب کیا جائے۔

رہنما پی پی پی نے کہا کہ یہ حکومت بنیادی طور پر فاشسٹ ہے، ایسی حکومتوں میں کسی سے مشاورت نہیں کی جاتی اور یہ حکومتیں مخالفین کی آواز کو دبا دیتی ہیں۔

انہوں نے تحریک انصاف کی حکومت کو ہدف تنقید بتاتے ہوئے کہا کہ حکومت کی کورونا کے باعث آگے آنے والے چیلنجز سے نمٹنے کی حکمت عملی دکھائی نہیں دے رہی۔

قمر زمان کائرہ کا کہنا تھا کہ حکومت کورونا سے پہلے ہی ٹیکس اہداف حاصل کرنے میں ناکام رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم میں اگر صوبوں کو ذمہ داریاں دی گئیں تو ساتھ وسائل بھی دیے گئے ہیں۔

رہنما پی پی پی نے مطالبہ کیا کہ قومی مالیاتی کمیشن (این ایف سی) کے نوٹیفکیشن کو واپس لیا جائے، یہ آئین سے متصادم ہے جبکہ نیا نوٹیفکیشن نکالا جائے۔

انہوں نے کسی کا نام لیے بغیر کہا کہ آگ سے نہ کھیلا جائے۔

قمر زمان کائرہ نے ٹائیگر فورس کا حوالہ دیتے ہوئے سوال کیا کہ حکومت بتائے ٹائیگر فورس نے کورونا بحران میں کہاں اور کس کی مدد کی؟

ان کا کہنا تھا کہ اب ٹڈی دل کے مسئلے میں کہا جارہا ہے کہ ٹائیگر فورس مدد کرے گی۔

انہوں نے کہا کہ حکومت 20 ماہ میں اسٹیل مل میں بورڈ تشکیل نہ دے سکی، آج اسٹیل ملز کے ملازمین اسد عمر کی طرف دیکھ رہے ہیں۔

تازہ ترین