• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ارطغرل نے ایک بار پھر پاکستانیوں کے دل جیت لیے


شہرہ آفاق تُرک سیریز ’دیرلیش ارطغرل‘ میں ارطغرل کا مرکزی کردار ادا کرنے والے انجن التان نے پاکستان سے اپنی محبت کا اظہار کرتے ہوئے ملی نغمہ ’دل دل پاکستان‘ گنگنا دیا۔

گزشتہ روز سے انجن التان کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر زیر گردش ہے جس میں وہ پاکستان کا ملی نغمہ ’دل دل پاکستان، جان جان پاکستان‘ گنگناتے نظر آرہے ہیں اور اُس کے ساتھ ہی انجن التان دل پر ہاتھ رکھے نہایت ہی احترام سے اپنے پاکستانی مداحوں کو اُردو زبان میں کہے رہے ہیں کہ ’میرا آپ کو سلام پاکستان۔‘

دوسری جانب جنون بینڈ کے بانی اور معروف گلوکار سلمان احمد نے بھی مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر انجن التان کی یہ ویڈیو شیئر کی۔

ٹوئٹر پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے سلمان احمد نے لکھا کہ ’کبھی سوچا بھی نہیں کہ ایک دن ’ارطغرل‘ پاکستان کا ملی نغمہ گنگنائے گا۔

یاد رہے کہ اِس سے قبل ’دیرلیش ارطغرل‘ میں بہادر سپاہی عبد الرحمٰن کا کردار ادا کرنے والے جلال نے عیدالفطر کے موقع پر پاکستانیوں کو عید کی مبارکباد دیتے ہوئے اور پاک تُرک بھائی چارے کے فروغ کے لیے معروف پاکستانی ملی نغمہ ’دل دل پاکستان‘ گنگنایا تھا۔

واضح رہے کہ ترک سیریز میں ’ارطغرل‘ قائی قبیلے کے سردار سلیمان شاہ کا بیٹا اور ایک بہادر جنگجو ہے جس کا یقین صرف اللّہ پر ہوتا ہے اور جو اسلام کا جھنڈا پوری دُنیا میں لہرانے کی خاطر لڑتا ہے۔

تازہ ترین