• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عمران خان مافیا کو لگام دے گا، احتساب کرے گا، مراد سعید

وفاقی وزیر مراد سعید کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے انکوائری کمیشن کا مذاق اڑایا گیا، عمران خان مافیا کو لگام دے گا اور ان کا احتساب کرے گا۔

ایک بیان  میں مراد سعید نے کہا کہ ماضی میں قرضوں کا بوجھ بڑھتا گیا کسی نےنہیں پوچھا پیسہ کس کی جیب میں گیا، قوم کاپیسہ شوگر مافیا کو دیا جاتا رہا۔

وفاقی وزیرنے کہا کہ شوگر مافیا کو سزائیں ملیں گی ان سے ریکوریز ہوں گی۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط مافیا پر عمران خان نے ہاتھ ڈالا، مراد علی شاہ زرداری مافیا کی خدمت کرتے رہے، انہیں سبسڈی دیتے رہے۔

مراد سعید نے کہا کہ جعلی اکاؤنٹس کی جےآئی ٹی میں ہے کہ مراد علی شاہ زرداری مافیا کے سہولت کار بنے ہوئے تھے، مراد علی شاہ کا جے آئی ٹی اور شوگر انکوائری میں نام آیا، ان کےخلاف کارروائی ہونی چاہیے اور جب تک مراد علی شاہ بیٹھے ہوئے ہیں زرداری مافیا کی سہولت کاری کرتے رہیں گے۔

وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم ہاؤس نہیں بلکہ اپنی رہائش گاہ بنی گالا میں رہتےہیں، جبکہ نوازشریف اور زرداری نے اپنے گھروں کو بھی کیمپ آفس بنا رکھا تھا، نوازشریف اور زرداری نےقومی خزانےکو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔

انہوں نے کہا کہ شوگر، گندم اور بجلی انکوائری کافائدہ عوام کو ہوگا۔

مراد سعید نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مرادعلی شاہ اداکاری اچھی کرتےہیں، زرداری کا علاج سندھ کے کسی سرکاری اسپتال میں نہیں ہورہا ہے، جبکہ نواز شریف اپنے پورے ٹبر کا علاج سرکاری اسپتال کی بجائے بیرون ملک میں کراتے ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ ن لیگ اور پی پی پی نے پاکستان کو قرضوں میں دھکیل دیا تھا ہم وہ قرضےاتار رہے ہیں، سندھ حکومت راشن نہیں صرف بھاشن دیتی ہے، سندھ میں لاکھوں لوگوں کو احساس پروگرام سے ریلیف ملا ہے۔

انہوں نے کہا کہ چھوٹےصوبوں میں گندم کی قلت نہیں ہوگی، ملک میں اسمگلنگ روکنے کیلئے کارروائیاں کی جارہی ہیں۔

مراد سعید نے کہا کہ اس معاشی صورتحال میں بھی وزیراعظم بڑا ریلیف پیکیج لے کر آئے، اس وقت اپوزیشن گندی سیاست نہ کرے، سب مل کر چلیں۔

تازہ ترین