• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پاکستانی سفیر ڈاکٹر محمد فیصل کی جرمن صدر سے ملاقات، سفارتی اسناد پیش

جرمنی کے دارالحکومت برلن میں پاکستان کے نئے سفیر ڈاکٹر محمد فیصل نے جرمن صدر فرانک والٹر اشٹائن مائر کو اپنی سفارتی اسناد پیش کر کے جرمنی میں سفارتی ذمے داریاں سنبھال لی ہیں۔

سفارتی اسناد پیش کرنے کی پر وقار تقریب جرمن صدارتی محل ’شلوس بیلویو‘ میں منعقد کی گئی۔ اس دوران کورونا وائرس کی عالمی وبا کے حوالے سے حفاظتی تدابیر کا بھی خیال رکھا گیا۔

سفیرِ پاکستان نے جرمن صدر سے مختصر ملاقات میں وزیراعظم پاکستان عمران خان اور صدرِ پاکستان ڈاکٹر عارف علوی کی جانب سے نیک خواہشات کے پیغام پہنچائے۔

ڈاکٹر فیصل نے پاک جرمن باہمی تعلقات کی اہمیت پر بھی تبادلِ خیال کیا۔

اس موقع پر جرمن صدر اشٹائن مائر نے پاکستان اور جرمنی کے درمیان مضبوط تعلقات کی یقین دہانی کروائی اور سفیرِ پاکستان کا خیر مقدم کیا۔

صدارتی محل ’شلوس بیل ویو‘ میں منعقدہ اس تقریب میں ڈاکٹر فیصل کے ساتھ ان کی اہلیہ نے بھی شرکت کی۔

واضح رہے ڈاکٹر محمد فیصل گزشتہ ماہ سے جرمنی میں موجود ہیں۔ تاہم کورونا وائرس کی عالمگیر وبا سفارتی اسناد پیش کرنے میں تاخیر کا سبب رہی۔

جرمنی پاکستان کا یورو زون میں سب سے اہم تجارتی پارٹنر ہے اور مستحکم پاک جرمن تعلقات پاکستان کی اقتصادی ترقی کے لیے بہت اہمیت کے حامل ہیں۔

رواں برس کے آغاز میں چانسلر میرکل نے ڈیووس میں عالمی اقتصادی فورم کے دوران وزیراعظم عمران خان سے مختصر دورانیہ کی ملاقات میں جرمنی کا سرکاری دورہ کرنے دعوت دی تھی۔

تازہ ترین