اسلام آباد (این این آئی)وفاقی وزیر مراد سعید نے کہا ہے کہ اپوزیشن کی جانب سے انکوائری کمیشن کا مذاق اڑایا گیا، عمران خان مافیا کو لگام دے گا اور ان کا احتساب کرے گا۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مراد سعید نے کہا کہ ماضی میں قرضوں کا بوجھ بڑھتا گیا کسی نے نہیں پوچھا ،پیسہ کس کی جیب میں گیا، قوم کاپیسہ شوگر مافیا کو دیا جاتا رہا۔وفاقی وزیرنے کہا کہ شوگر مافیا کو سزائیں ملیں گی ان سے ریکوریز ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مضبوط مافیا پر عمران خان نے ہاتھ ڈالا، مراد علی شاہ زرداری مافیا کی خدمت کرتے رہے، انہیں سبسڈی دیتے رہے۔مراد سعید نے کہا کہ جعلی اکائونٹس کی جے آئی ٹی میں ہے کہ مراد علی شاہ زرداری مافیا کے سہولت کار بنے ہوئے تھے، مراد علی شاہ کا جے آئی ٹی اور شوگر انکوائری میں نام آیا، ان کیخلاف کارروائی ہونی چاہیے اور جب تک مراد علی شاہ بیٹھے ہوئے ہیں زرداری مافیا کی سہولت کاری کرتے رہیں گے۔وفاقی وزیر نے کہا کہ عمران خان وزیراعظم ہائوس نہیں بلکہ اپنی رہائش گاہ بنی گالا میں رہتے ہیں جبکہ نوازشریف اور زرداری نے اپنے گھروں کو بھی کیمپ آفس بنا رکھا تھا، نوازشریف اور زرداری نے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچایا۔