سندھ ہائی کورٹ میں سابق وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کی کورونا وائرس مثبت آنے کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں پیش کی جس کے بعد عدالت نے ان کی عبوری ضمانت میں 27 اگست تک توسیع کردی۔
سندھ ہائیکورٹ میں سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر پی ایس او میں غیر قانونی بھرتیوں کے ریفرنس میں درخواست ضمانت کی سماعت ہوئی، شاہد خاقان عباسی کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کی کورونا وائرس مثبت آنے کی میڈیکل رپورٹ عدالت میں جمع کرادی ہے ۔
وکیل نے بتایا کہ شاہد خاقان عباسی کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں پیش نہیں ہوسکتےعدالت نے شاہد خاقان عباسی اور سابق سیکرٹری پیٹرولیم ارشد مرزا کی عبوری ضمانت میں 27 اگست تک توسیع کردی ۔
عدالت نے سابق وزیراعظم شاہد خاقان عباسی اور دیگر ملزمان کو آئندہ سماعت تک پیش ہونے کا حکم بھی جاری کیا۔
اس موقع پر عدالت نے شاہد خاقان عباسی اور سابق ایم ڈی پی ایس او شیخ عمران الحق کی درخواستیں یکجا کر دیں، عدالت نے نیب کو شاہد خاقان عباسی اور ارشد مرزا کو گرفتار نہ کرنے کا حکم دے رکھا ہے ۔
نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ شاہد خاقان عباسی سمیت 4 ملزمان کے خلاف 5/2020 ریفرنس دائر ہوچکا ہے ۔
دوسری جانب احتساب عدالت نے ملزمان کے خلاف ریفرنس کی سماعت 13 جولائی تک ملتوی کردی ایک ملزم ارشد مرزا کو ریفرنس کی نقول فراہم کردی۔