اسلام آباد،راولپنڈی (نمائندہ جنگ،جنگ نیوز ) ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عطا ربانی نے پیپلز پارٹی کے سینئر رہنماؤں پر الزام لگانے والی امریکی شہری سنتھیا رچی کو طلب کرلیا جبکہ PTA کو بھی 13 جون کیلئے نوٹس جاری کردیا گیا، دوسری جانب پی پی کے رہنما رحمٰن ملک نےسنتھیا رچی کو 50 ارب کا دوسرا نوٹس بھجوا تے ہوئے کہا ہے کہ جھوٹ بے نقاب کرونگا ،ادھر اسلام آباد پولیس نے سنتھیا کیخلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار کردیا جبکہ ایف آئی اے نے بھی اندراج مقدمہ کیلئے دائر درخواست خارج کرنیکی استدعا کردی ہے۔تفصیلات کے مطابق ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عطا ربانی نے سنھتیا ڈی رچی کیخلاف مقدمہ اندراج کی درخواست پر امریکی شہری کو پیش ہونے اور پی ٹی اے کو جواب جمع کرانے کیلئے نوٹس جاری کردیا، پیپلز پارٹی اسلام آباد کے صدر شکیل عباسی کی درخواست پر سماعت کے دوران درخواست گزار کی طرف سے ریاست علی آزاد عدالت پیش ہوئے، اس موقع پر ایف آئی اے کی طرف سے ڈپٹی ڈائریکٹر عدنان نے جواب جمع کرایا جس میں ایف آئی اے نے عدالت سے سینتھیا رچی کے خلاف دی گئی درخواست خارج کرنے کی استدعا کرتے ہوئے کہا کہ شکیل عباسی واقعہ کے متاثرہ فریق نہیں، درخواست خارج کی جائے،قانون کے مطابق متاثرہ شخص یا اسکے لواحقین درخواست دائر کر سکتے ہیں،عدالت نے آئندہ سماعت پر پی ٹی اے سے جواب طلب کرنے کے علاوہ امریکی خاتون شہری کوبھی اصالتا یاوکالتا پیش ہونے کا نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت 13 جون تک کیلئے ملتوی کردی۔