• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمۂ موسمیات کے ڈائریکٹر سردار سرفراز کا کہنا ہے کہ کراچی شہر میں آج شام میں یا رات میں بوندا باندی ہو سکتی ہے۔

ڈائریکٹر محکمۂ موسمیات سردار سرفراز نے بتایا ہے کہ شہرِ قائد آج صبح سویرے سے ہی بادلوں کی لپیٹ میں ہے۔

انہوں نے مزید کہا ہے کہ صبح سے ہی کراچی شہر میں سمندری ہوائیں اچھی رفتار سے چل رہی ہیں۔

سردار سرفراز نے یہ بھی بتایا ہے کہ ہواؤں کے باعث سمندری بادل شہر کا رخ کر رہے ہیں، جس کی وجہ سے آج شام یا رات میں بوندا باندی ہونے کا امکان ہے۔

محکمۂ موسمایت نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران کراچی کا مطلع جزوی ابرآلود جبکہ موسم گرم اور مرطوب رہنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔

یہ بھی پڑھیئے: کراچی کے مختلف علاقوں میں بارش

محکمۂ موسمیات کے مطابق شہر کا کم سے کم درجۂ حرارت 29 اعشاریہ 5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت 35 سے 37 ڈگری سینٹی گریڈکے درمیان رہنے کا امکان ہے۔

شہر میں جنوب مغربی سمت سے 19 سے 23 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں جن میں نمی کا تناسب 66 فیصد ہے۔

ادھر پنجاب کے کچھ شہروں میں گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور کچھ کم ہوا ہے۔

گوجرانوالہ شہر اور گرد و نواح میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیرِ آب آگئے ہیں، جی ٹی روڈ سمیت شہر کی اہم شاہراہوں پر بارش کا پانی جمع ہو گیا ہے۔

گوجرانوالہ میں بارش برستے ہی گیپکو کے متعدد فیڈر ٹرپ ہونے سےبیشتر علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی ہے۔

محکمۂ موسمیات نے خیبر پختون خوا، پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر میں بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

پنجاب کے دیگر شہروں جہلم، کامونکی اور ظفر وال میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا ہے۔

سندھ اور بلوچستان کے بیشتر شہر گرمی کی لپیٹ میں ہیں، جس کے باعث دن کے اوقات میں لوگ گھروں تک محدود رہنے کو ترجیح دیتے ہیں۔

محکمۂ موسمیات کے مطابق ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کی توقع ہے، خیبر پختون خوا، گلگت بلتستان، اسلام آباد، پنجاب اور کشمیر میں آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

زیادہ سے زیادہ درجۂ حرارت مختلف شہروں بہاول پور میں 40، بھکر میں 39، رحیم یارخان میں 38، فیصل آباد اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین