• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مہوش حیات کورونا میں مبتلا ہونے کی جھوٹی افواہوں پر برہم

پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کی معروف اداکارہ و تمغہ امتیاز مہوش حیات نے اُن کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی تمام جھوٹی افواہوں کی تردید کردی ہے۔

گزشتہ روز ایک میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر یہ خبر سامنے آئی تھی کہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق مہوش حیات کورونا وائرس میں مبتلا ہوگئی ہیں۔

ٹوئٹر پر یہ خبر دیکھنے کے بعد مہوش حیات نے اُس میڈیا پلیٹ فارم کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کرارا جواب دیا جس نے بغیر کسی تصدیق کے یہ جھوٹی خبر سوشل میڈیا پر پھیلائی۔

مہوش حیات نے اس ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ ’میرے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر جھوٹی ہے۔‘

اداکارہ نے کہا کہ ’ہمارے میڈیا کو ذمہ داری کا مظاہرہ کرنا چاہیے اور اِس طرح کی جھوٹی خبریں شائع کرنے سے پہلے حقائق کی جانچ پڑتال کرلینی چاہیے۔‘

اُنہوں نے کہا کہ’جھوٹی افواہوں کے ذریعے صرف چند لائکس اور سوشل میڈیا پر اپنے فالوورز بڑھانے والوں کی ذمہ داری تھی کہ وہ اس خبر کو شائع کرنے سے پہلے مجھ سے رابطہ کرتے اور اس خبر کی تصدیق کرتے۔‘

مہوش حیات کا مزید کہنا تھا کہ’آپ کو اندازہ بھی نہیں ہے کہ اس طرح کی افواہوں سے رشتہ دار اور دوستوں کو کس قسم کی پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔‘

یاد رہے کہ پاکستان شوبز انڈسٹری کے کئی فنکار عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جن میں روبینہ اشرف، واسع چوہدری، نوید رضا، ندا یاسر، یاسر نواز، شفاعت علی اور ابرارالحق شامل ہیں۔

تازہ ترین