• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پرنس ہیری اپنے بیٹے کے مستقبل کیلئے پریشان

پرنس ہیری نے انکشاف کیا ہے کہ دنیا جس قسم کے ماحولیاتی بحران سے دو چار ہے ایسے میں ایک والد ہونے کے ناطے وہ اپنے بیٹے آرچی کے مستقبل کے لیے بے حد پریشان ہیں ۔

پرنس ہیری کی جانب سے ماحول اور جنگلی زندگی کی بہبود کے لیے کا م کرنے والی این جی او ’ ایفریکین پارکس‘ کو ایک خط لکھا گیا ہے جس میں اُنہوں نے اپنے1 سالہ بیٹے آرچی اور دیگر بچوں کے مستقبل کے حوالے سےخدشات ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’ وہ آرچی اور دوسرے بچوں کے لیے مثبت زندگی چاہتے ہیں جو مواقعوں اور امکانات سے بھر پور ہو۔‘

35 سالہ پرنس ہیری نے اپنے خط میں لکھا ہے کہ ’ ہم دنیا کو اپنے سامنے ختم ہوتا دیکھ رہے ہیں اور اب عالمی وبا کورونا وائرس نے ہمیں اندر سے ہلا کر رکھ دیا ہے اور دنیا رُک سی گئی ہے، اس وبا سے متعلق ابھی بھی بہت سی معلومات جاننا باقی ہیں ، وائرس سے متعلق کچھ شواہد یہ بھی بتاتے ہیں کہ اس وائرس کا تعلق ہمارے قدرتی نظام میں مداخلت  بھی ہو سکتا ہے ۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’ دنیا کو ماحولیاتی بحران سے متعلق بہت مسائل درپیش ہیں مگر ہمیں ان کے ہاتھوں مفلوج نہیں ہو جانا چاہیے ۔‘

پرنس ہیری کا کہنا ہے کہ ’ جب سے وہ والد بنے ہیں ، وہ اپنے بچے کو ایسا مستقبل دینے کے لیے پریشان رہتے ہیں جس کا وہ مستحق ہے، زندگی، امکانات اور مواقعوں سے بھرپور مستقبل۔

اُن کا کہنا تھا کہ میں چاہتا ہوں کہ سب والدین اپنے بچوں سے اس بحران سے متعلق بات کرنے کے لیے تیار ہوں، وہ اپنے بچوں کو بتائیں کہ ہم نے یہ ساری مشکلات کو آتے ہوئے دیکھا اور ماحول کو بچانے کے لیے وہ سب کیا جو ہمیں کرنا چاہیے تھا۔

واضح رہے کہ شاہی جوڑا پرنس ہیری اور اُن کی اہلیہ میگھن مرکل برطانوی شاہی خاندان سے قطع تعلق کے بعد موسمیاتی تبدیلیوں اور عالمی وبا کورونا وائرس سے متعلق امدادی کاموں میں حصہ لے رہے ہیں۔

تازہ ترین