پاکستان فیشن انڈسٹری کی معروف ڈیزائنر ماہین خان عالمی وبا کورونا وائرس کا شکار ہوگئی ہیں۔
مائیکرو بلاگنگ سائٹ ٹوئٹر پر ماہین خان نے اپنے چاہنے والوں کو اپنی صحت سے آگاہ کرتے ہوئے پیغام جاری کیا ہے۔
ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے پیغام میں ماہین خان نے لکھا کہ ’میں نے 8 جون کو اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا تھا اور بدقسمتی سے میرے ٹیسٹ کے نتائج مثبت آئے۔‘
ماہین خان نے لکھا کہ ’میں اب اِس وائرس سے صحتیاب ہورہی ہوں بے شک اللّہ بڑا مہربان ہے۔‘
ڈیزائنر ماہین خان کے اِس پیغام پر اُن کےدوستوں اور دیگر چاہنے والوں کی جانب سے اُن کی جلد صحتیابی کے لیے بڑی تعداد میں دُعائیہ پیغامات جاری کیے جارہے ہیں۔
یاد رہے کہ پاکستان شوبز سے وابستہ کئی نامور فنکار کورونا وائرس کا شکار ہوگئے ہیں جن میں روبینہ اشرف، واسع چوہدری، ندا یاسر، یاسر نواز، نوید رضا، شفاعت علی شامل ہیں۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی کا کورونا ٹیسٹ بھی مثبت آگیا ہے۔
شاہد آفریدی نے اپنے ٹوئٹ میں اِس بات کی اطلاع دی تھی کہ جمعرات سے اُن کی طبیعت ناساز تھی جس کے بعد اُنہوں نے اپنا کورونا ٹیسٹ کروایا تھا جو کہ مثبت آیا تھا۔
واضح رہے کہ پاکستان میں کورونا وائرس سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک لاکھ سے زائد ہوگئی ہے جبکہ اس وائرس سے اموات کی تعداد 2 ہزار سے زائد ہوچکی ہے۔