پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما و سابق وزیر داخلہ سینیٹر رحمان ملک کا کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین موجودہ بجٹ سے پریشان ہیں۔
سینیٹر رحمان ملک کا اپنے ایک بیان میں کہنا ہے کہ سرکاری ملازمین حق بجانب ہیں اور موجودہ بجٹ سے پریشان ہیں، انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کیلئے بجٹ میں خصوصی پیکج دینے کا معاملہ سینیٹ میں اٹھاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کے لیے کوئی ریلیف اس بجٹ میں فراہم نہیں کیا گیا ہے، حکومت سے اپیل ہے سرکاری ملازمین کے لیے ریلیف دینے کا اعلان کردیں۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ اس منہگائی میں سرکاری ملازمین کیسے گیس، بجلی، پانی و دیگر یوٹیلٹی بلز برداشت کرسکیں گے؟
اس سے قبل مسلم لیگ نون کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف میاں محمد شہباز شریف نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کم از کم 10 فیصد اضافے کا مطالبہ کیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں کٹوتی کی تجویز مسترد کر دی ہے، عثمان بزدار نے کہا کہ سرکاری ملازمین کو ریلیف دینے کے حق میں ہیں۔