بھارتی اداکار ابھیشیک بچن نے اپنی اہلیہ و اداکارہ ایشوریا رائے بچن کے ساتھ اپنے پسندیدہ میوزک البم کے بارے میں بتا دیا ہے۔
بھارتی اداکار ابھیشیک بچن کے رواں ماہ بالی ووڈ میں 20 برس مکمل ہوجائیں گے اور اِسی حوالے سے وہ اپنے کیریئر کے یادگار لمحات کو سوشل میڈیا پر شیئر کرتے نظر آرہے ہیں۔
حال ہی میں ابھیشیک بچن نے فوٹو اور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ایک مختصر ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُنہوں نے اُن تمام فلموں کی فہرست جاری کی جو اُنہوں نے سال 2003 میں کی تھیں۔
ابھیشیک بچن کی جانب سے شیئر کی جانے والی ویڈیو میں 2003 کی اُن کی پانچ فلمیں شامل ہیں’میں پریم کی دیوانی ہوں‘، ’ممبئی سے آیا میرا دوست‘، ’کچھ نہ کہو‘، ’زمین‘ اور ’ایل او سی‘ شامل ہے۔
ویڈیو شیئر کرتے ہوئے ابھیشیک بچن نے لکھا کہ’فلم ’ممبئی سے آیا میرا دوست‘ نے مجھے بہت سے دوستوں کے ساتھ کام کرنے کا موقع فراہم کیا۔‘
ابھیشیک بچن نے لکھا کہ ’فلم ’میں پریم کی ہوں دیوانی‘ میں مجھے اپنے بچن کے دوست ریتھیک روشن اور کرینہ کپور کے ساتھ کام کرکے بہت خوشی ہوئی۔‘
بھارتی اداکار نے لکھا کہ ’سال 2003 میں کی جانے والی ہر فلم کی ایک الگ کہانی ہے۔‘
اُنہوں نے اپنی اہلیہ و اداکارہ ایشوریا رائے بچن کے ساتھ اپنے پسندیدہ میوزک البم کے بارےانکشاف کرتے ہوئے لکھا کہ ’فلم ’کچھ نہ کہو‘ کا میوزک البم میرا سب سے پسندیدہ ہے اور میں آج بھی روزانہ اس فلم کے گانے لازمی سُنتا ہوں۔‘
ابھیشیک بچن نے لکھا کہ ’میں بہت خوش قسمت ہوں کہ میں نے اتنے زبردست میوزک البم کے ساتھ فلم ’کچھ نہ کہو‘ میں کام کیا۔
یاد رہے کہ اِس سے قبل ابھیشیک بچن نے ہیش ٹیگ ریڈ ٹو 20 استعمال کرتے ہوئے ایک مختصر سی ویڈیو پوسٹ کی تھی جس میں اُن کی وہ تمام فلمیں شامل ہیں جو اُنہوں نے سال 2002 میں کی تھیں۔
ابھیشیک بچن کی جانب سے پوسٹ کی جانے والی ویڈیو میں فلم ’دیش‘ بھی شامل تھی جس میں وہ پہلی مرتبہ اپنی والدہ جیا بچن کے ساتھ نظر آئے تھے۔