• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جموں کشمیر فورم فرانس کی سالانہ تنظیم سازی مکمل کر لی گئی ہے اورنئے عہدیداران کا اعلان کر دیا گیا، نعیم چوہدری دوبارہ چیئرمین اورمرزا آصف جرال صدر جبکہ سردار اخلاق احمد سیکرٹری جنرل منتخب ہوگئے۔

سال 21-2020 کے لیے نئے عہدیداران کا اعلان ہفتہ کے روز فورم کے سینئر ممبر چوہدری مقصود احمد کی پیرس کے نواحی علاقہ ویلیئرزلو بَیل میں واقع رہائش گاہ پر سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے ایک اجلاس میں کیا گیا۔

سُبکدوش ہونے والے سیکرٹری جنرل کامران بٹ کے اعلان کے مطابق نئی تنظیم سازی پر مشاورت کے لیے مسلسل سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کے دو اجلاس منعقد کیے گئے اور نئی تنظیم سازی کے لیے سفارشات جنرل کونسل بھجوائی گئیں۔

اس طرح سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی اور جنرل کونسل کی منظوری کے بعد ایک سال کے لیے محمد نعیم چوہدری کو چیئرمین، چوہدری مقصود احمد وائس چیئرمین، مرزا آصف جرال صدر، چوہدری فرازاحمد سینئرنائب صدر، قمر رزاق نائب صدر اوّل، مہربان حمید نائب صدر دوم، حامد ناصر راجہ نائب صدر سوم (لیون)، سردارمحمد اخلاق سیکرٹری جنرل،محمد نوید غوث چوہدری انفارمیشن سیکرٹری، جاوید اقبال سیکرٹری فنانس، راشد رضا جرال سوشل میڈیا کوآرڈینیٹر، عبدالقدیر مرکزی کوآرڈینیٹر اور سینئر ممبر مرزا خالق جرال کو فورم کاسرپرست اعلیٰ منتخب کیا گیا ہے۔

دوسری طرف پندرہ ممبران پر مشتمل جموں کشمیر فورم فرانس کی نئی سینٹرل ایگزیکٹو کمیٹی کا بھی اعلان کر دیا گیا ہے جس میں نو منتخب عہدیداران سمیت فورم کے سینئر ممبران سردار ذوالفقار عزیز اور سابق سیکرٹری جنرل کامران بٹ کے نام شامل ہیں ۔

نو منتخب چیئرمین نعیم چوہدری ، وائس چیئرمین چوہدری مقصود احمد، صدر مرزا آصف جرال، سینئر نائب صدر فراز احمد، سردار ذوالفقارعزیز ، سردار اخلاق، چوہدری محمد نوید غوث اور دیگر عہدیداران نے کہا کہ کشمیریوں کی مرضی کے خلاف مسئلہ جموں کشمیر کا کوئی بھی حل نکالا گیا تو کشمیری اسے قبول نہیں کریں گے اور نہ ہی ایسا کوئی حل دیرپا ہوگا، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق رائے شماری کا حق دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مقبوضہ وادی میں بھارت نے مظالم کے پہاڑ توڑ رکھے ہیں، دس ماہ سے بھارتی افواج نے مظلوم کشمیریوں پر عرصہ حیات تنگ کر رکھا ہے۔

انہوں نے حکومت آزاد جموں کشمیر سمیت ساری کشمیری قیادت سے بھی مطالبہ کیا کہ وہ مسئلہ جموں کشمیر کے حوالے سے کوئی ٹھوس لائحہ عمل اپنائے اور مسئلہ جموں کشمیر کو اجاگر کرنے کے لیے اپنی کوششیں تیز کرے۔

تازہ ترین