کراچی(اسٹاف ر پو رٹر ) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پاکستان اسٹیل مل کی نج کاری اور 9ہزار سے زائد ملازمین کی جبری برطرفی کے خلاف ملازمین اور مزدوروں کا مقدمہ مضبوط اور بیانیہ مبنی برحق ہے۔ جماعت اسلامی ملازمین کی جدو جہدمیں ان کے شانہ بشانہ ہوگی، ہرسطح اور ہر فورم پر آواز بلند کریں گے۔ ملازمین کا مقدمہ عدالتوں میں اور سڑکوں پر بھی لڑیں گے۔ ان کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔جماعت اسلامی دیگر سیاسی قوتوں اور پارٹیوں سے بھی رابطہ کرے گی اور جدو جہد جاری رکھے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ادارہ نور حق میں جماعت اسلا می، این ایل ایف اور پاسلو کے قائم ”اسٹیل مل بچاؤ ایکشن کمیٹی“ کے تحت مشاورتی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں اسٹیل مل کی دیگر ٹریڈ یونینز کے نمائندے اور عہدیدارن نے بھی شرکت کی اور مختلف تجاویز اور سفارشات پیش کیں۔ اس موقع پر امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمٰن بھی موجود تھے۔ اجلاس میں نائب امیر کراچی اسامہ رضی، پاکستان اسٹیل لیبر یونین (پاسلو) کے صدر عاصم بھٹی،این ایل ایف کے مرکزی جنرل سیکریٹری شاہد ایوب، نائب صدر و سابق جنرل سیکریٹری ظفر خان، سابق صدر پاسلو و سیکریٹری اطلاعات جماعت اسلامی کراچی زاہد عسکری، این ایل ایف کراچی کے صدر خالد خان، جنرل سیکریٹری علی حیدر گبول، فنکشنل لیگ کے خالق چنا، جئے سندھ کے شوکت کورائی، یوتھ یونیٹی کے امجد زرداری،یونائٹیڈورکرز فرنٹ کے کامران، ایمپلائز یونیٹی کے نسیم حیدر، پروگریسو لیبر یونین کے اکبر ناریجو اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔