سابق صدر آصف علی زرداری اور بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر مینگل کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔
اس موقع پر سابق صدر آصف زرداری اور سردار اختر مینگل کے درمیان کورونا وائرس کا مقابلہ کرنے میں حکومت کی مجرمانہ غفلت پر تبادلہ خیال کیا گیا اور دونوں رہنمائوں نے ٹِڈی دَل کے حملوں کو روکنے میں حکومتی ناکامی اور بڑھتی ہوئی غربت پر بھی بات چیت کی۔
سابق صدر سے بی این پی کے سربراہ نے ان کی صحت بھی دریافت کی اور کہا کہ ملک کو صدر زرداری جیسے سیاست دان کی ان حالات میں زیادہ ضرورت ہے کہ جب حکمرانوں کی غفلت کے سبب صورت حال دن بدن خراب ہورہی ہے۔
سابق صدر پاکستان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ مشکل وقت میں معیشت کو سہارا دیا ہے، پاکستان پیپلزپارٹی نے ہمیشہ ملک، جمہوریت اور غریبوں کو مضبوط کیا۔
آصف زرداری نے کہا کہ سلیکٹڈ اور امپورٹڈ کٹھ پتلیوں نے ملک کو مسائل کی آماجگاہ بنادیا، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے اپنا قائدانہ کردار ادا کرتی رہے گی۔