• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی :مختلف علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری


کراچی کے مختلف علاقوں میں مکمل لاک ڈاؤن کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے، مکمل لاک ڈاؤن کا اطلاق آج شام سے ہوگا، ان علاقوں میں آنے اور جانے والوں کو ماسک لگانا لازمی ہوگا۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تجارتی سرگرمیوں پر پابندی ہوگی، تاہم اشیا خور و نوش اور میڈیکل اسٹور شام7 بجے تک کھولے جاسکیں گے۔

کمشنر کراچی کے دفتر سے جاری نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن کا اطلاق آج شام 7 بجے سے ہوگا جبکہ اس کا اطلاق 2 جولائی تک ہوگا۔

لاک ڈاؤن والے علاقے میں گھر سے ایک فرد کو سامان کی خریداری کی اجازت ہوگی، ان علاقوں میں گھر سے باہر نکلنے والوں کو وجہ بتانا ضروری ہوگی،  گھروں پر تقاریب کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔ لاک ڈاؤن کی خلاف ورزی کرنے والوں پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

نوٹیفکیشن کے مطابق لاک ڈاؤن کے علاقوں میں پبلک ٹرانسپورٹ اور ڈبل سواری کی پابندی ہوگی، ان علاقوں میں ہوم ڈیلیوری کی اجازت بھی نہیں ہوگی۔

نوٹیفکیشن میں مزید کہا گیا ہے کہ لاک ڈاؤن والے علاقے میں موبائل ڈسپنسری اور موبائل یوٹیلٹی اسٹور کا حکومت انتظام کرے گی جبکہ ایسے علاقوں میں مستحق افراد میں راشن کی تقسیم کا کام بھی حکومت سرانجام دے گی۔

کمشنر کراچی کے اعلامیے کے مطابق قیوم آباد، لانڈھی چھتیس بی، ماڈل کالونی، الفلاح، ملیر ہالٹ، معین آباد، کینٹ بازار، بزرٹہ لین، کھارادر، لی مارکیٹ، صدر، برنس روڈ، اردو بازار، آگرہ تاج، بہار کالونی میں آج شام سے لاک ڈاؤن ہوگا۔

اعلامیے کے مطابق خیابان محافظ ، خیابان بدر، بہادر آباد، محمد علی سوسائٹی، عیسیٰ نگری، گلشن اقبال بلاک سات، تیرہ ڈی، 14، 15 اور 11، گلستان جوہر بلاک 2 اور 13 اور صفورا گوٹھ بھی لاک ڈاؤن والے علاقوں میں شامل ہیں۔

اس کے علاوہ طارق روڈ، مارٹن اسکوائرز، فاطمہ جناح کالونی، جہانگیر روڈ، تین ہٹی، سولجربازار، سعید آباد، کیٹل کالونی، گلشن حدید، جعفر طیار، قائد آباد، گلشن معمار، گلبرگ اور نارتھ کراچی کے بعض علاقوں میں بھی لاک ڈاؤن ہوگا۔

تازہ ترین