اسلام آباد( نمائندہ جنگ) امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق سے پاکستان میں افغان سفیر شکراللہ عاطف مشعل نے اسلام آباد میں ملاقات کی جس میں افغانستان اور خطے کی موجودہ صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اب وقت آگیا افغان جماعتیں ،قیادت ایک میز پر بیٹھ جائیں،کابل میں بھارت کا سازشی کردار افغانستان،پاکستان کیلئے نقصان دہ ہے، ہم ایک پرامن اور خوشحال افغانستان چاہتے ہیں اور بین الافغان مذاکرات کو سپورٹ کرتے ہیں ،اب وقت آگیا ہے کہ افغانستان کی تمام جماعتیں اور قیادت ایک میز پر بیٹھ جائیں اور باہمی اختلافات کو بات چیت سے حل کریں ،خطے سے امریکی افواج کا انخلاءافغان عوام کی بہت بڑی فتح ہے ،پاکستان کی ترقی و خوشحالی کیلئے بھی پرامن افغانستان کی ضرورت ہے،کابل میں بھارت کا سازشی کرداردونوں برادر اسلامی ممالک کے کیلئے نقصان دہ ہے ،امیر جماعت اسلامی نے گزشتہ دنوں کابل کی مسجد اور اسپتال میں ہونے والے بم دھماکوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے شہداءکیلئے مغفرت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی اور افغان سفیر سے اظہار تعزیت کیا ۔