کوئٹہ(آن لائن)بلوچستان نیشنل پارٹی کے رکن قومی اسمبلی سید عیسیٰ خان نوری ،ملک عبدالمجید کاکڑاور ملک نصیراحمد شاہوانی نے کہا ہے کہ گوادر جو کہ بلوچستان کا اہم علاقہ ہے جس کی بدولت آج پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے کی وجہ سے گوادر میں سیکورٹی فورسز میں 18 ہزار افراد کو بھرتی کیا جا رہا ہےلہٰذا حکومت اور متعلقہ ادارے مقامی افراد کو ترجیح دیں تاکہ مقامی افراد کیلئے روزگار کے مواقع پیدا ہوں۔ انہوں نے کہا کہ غیر مقامی افراد کو شناختی کارڈ اور لوکل جاری نہ کیا جائے کیونکہ اس سے مقامی آبادی اقلیت میں تبدیل ہوجائے گی۔انہوں نے کہا کہ گوادر کے عوام آج بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہیں ۔ حکومت عوام کو پانی کی فراہمی کے ساتھ زندگی کی دیگر بنیادی ضروریات کی فراہمی کیلئے اقدامات کرے تاکہ عوام کا معیار زندگی بہتر ہو۔انہوں نے کہا کہ بی این پی نے ہمیشہ بلوچستان کے عوام کے حقوق کے حصول کیلئے جدوجہد کی ہے اور کرتی رہے گی اور اس کے لئے ہر پلیٹ فارم پر آواز بلند کرتی رہے گی۔