• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گلگت کے وزیر سمیت مزید131 کورونا مریض جاں بحق، اموات 3172 سے بڑھ گئیں

گلگت کے وزیر سمیت مزید131 کورونا مریض جاں بحق


کراچی، اسلام آباد (ٹی وی رپورٹ، اسٹاف رپورٹر، جنگ نیوز)پاکستان میں کورونا کی ہلاکت خیزی جاری ہے، جمعرات کو مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور وزیر زراعت گلگت بلتستان حاجی جانباز خان سمیت مزید131؍ مریض انتقال جاں بحق ہوگئے۔تفصیلات کے مطابق ملک میں کورونا سے مزید 131 افراد انتقال کر گئے جسکے بعد اموات کی مجموعی تعداد 3165ہوگئی جبکہ نئے کیسز سامنے آنے کے بعد مریضوں کی تعداد 163190 تک پہنچ گئی ہے۔ کمانڈ اینڈ کنٹرول کے مطابق اب تک مجموعی طور پر 982012؍ افراد کے ٹیسٹ کیے جاچکے ہیں جبکہ کورونا کے 59215؍ مریض صحت یاب ہوچکے ہیں۔ جمعرات کو ملک بھر سے کورونا کے مزید 5403 کیسز اور 131 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن میں پنجاب سے 1899 کیسز اور 53 ہلاکتیں، سندھ سے 2286 کیسز اور 48 اموات، خیبر پختونخوا سے 569 کیسز اور 18 اموات، اسلام آباد 395 کیسز 4 ہلاکتیں، بلوچستان سے 204 کیسز 6 اموات ، آزاد کشمیر سے 37 کیسز اور 2 ہلاکتیں اور گلگت بلتستان سے 13 کیسز سامنے آئے۔جمعرات کو پنجاب سے کورونا کے مزید 1899 کیسز اور 53 ہلاکتیں سامنے آئی ہیں جن کی تصدیق پی ڈی ایم اے نے کی۔ صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے مطابق مطابق صوبے میں کورونا کے کل کیسز کی تعداد 60138 اور اموت 1202 تک جا پہنچی ہیں۔ پنجاب میں اب تک کورونا سے 17825 افراد صحتیاب ہوچکے ہیں۔اسلام آباد سےجمعرات کو کورونا کے مزید 395 کیسز اور 4 اموات سامنے آئیں۔جسکے بعد کیسز کی مجموعی تعداد 9637 ہو گئی ہے جبکہ انتقال کرنے والے افراد کی تعداد 94 ہو چکی ہے۔اسلام آباد میںکوروناکے 2439 افراد صحت یاب ہو چکے ہیں۔سندھ سے جمعرات کو 2286 کیسز اور 48 اموات رپورٹ ہوئیں جس کی تصدیق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی جانب سے کی گئی۔ محکمہ صحت سندھ کے مطابق صوبے میں کورونا کے مجموعی مریضوں کی تعداد 62269 اور اموات 964 ہوگئی ہیں۔ مراد علی شاہ نے بتایا کہ آج صوبے میں 48 مریض انتقال کرگئے جو اب تک کی سب سے زیادہ تعداد ہے۔ جمعرات کو خیبر پختونخوا میں کورونا وائرس سے مزید 18 افراد جان کی بازی ہارگئے جسکے بعد صوبے میں ہلاکتوں کی تعداد 773 تک جاپہنچی ہے۔محکمہ صحت نے بتایا کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران مزید 569 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی ہے جس کے بعد متاثرہ مریضوں کی تعداد 20182 ہوگئی ہے۔صوبے میں اب تک 5441 افراد کورونا وائرس سے صحت یاب بھی ہو چکے ہیں۔بلوچستان میں بھی جمعرات کے روز مزید 204 افراد میں مہلک وائرس کی تشخیص ہوئی جب کہ مزید 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ صوبے میں کورونا سے ہونے والی ہلاکتوں تعداد 99 اور مجموعی کیسز 8998 تک پہنچ گئے ہیں۔

تازہ ترین