پاکستان کے معروف ڈیزائنر اور میزبان حسن شہریار یاسین المعروف ایچ ایس وائی نے شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کی شادی میں شرکت کی خوشگوار یاد شیئر کردی۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ انسٹاگرام پر شہزادہ ولیم اور ان کی اہلیہ ڈچز آف کیمبرج کیٹ مڈلٹن کے ہمراہ دورہ پاکستان کے موقع پر لی گئی یادگار تصویر شیئر کی اور ساتھ ایک طویل کیپشن بھی تحریر کیا۔
انہوں نے شہزادہ چارلس اور لیڈی ڈیانا کی شادی میں شرکت کی قیمتی یاد شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’زندگی بہت غیر متوقع اور جادوئی چیز ہے۔
اپنی پوسٹ میں حسن شہریار یاسین نے لکھا کہ 1981 میں اُن کی والدہ لندن میں سکریٹری کی حیثیت سے کام کرتی تھیں، ایچ ایس وائی کے مطابق ان کی والدہ نے معمولی تنخواہ پر گزارا کرنے کرنے کیلئے سخت محنت کی۔
معروف ڈیزائنر کے لکھا کہ لیڈی ڈیانا کی شادی کے موقع پر وہ ایک چھوٹے بچے تھے تاہم شاہی جوڑے کی جھلک دیکھنے کے لیے قطار میں اپنی والدہ کے ساتھ کھڑے ہوگئے تھے۔
انہوں نے لکھا کہ میری والدہ نے مجھے اپنے کاندھوں پراٹھا لیا تاکہ میں لوگوں کے ہجوم میں دور سے شاہی جوڑے کو دیکھ سکوں۔
ڈیزائنر نے خود کو خوش قسمت کہتے ہوئے لکھا کہ یہ میری خوش قسمتی ہے کہ میں نے رائل کیریج کی ایک جھلک دیکھی، جب وہ ہمارے قریب سے گزری تو یہ ایک جادوئی لمحہ تھا جس میں میں کھو سا گیا تھا۔
انہوں نے گزشتہ برس شاہی جوڑے کے دورہ پاکستان کو یاد کرتے ہوئے لکھا کہ کیٹ مڈلٹن اور شہزادہ ولیم کے پاکستان کے دورہ کے دوران ان سے ملاقات میرے لئے ایک خاص معنی رکھتی ہے ۔
انہوں نے اس خوشی کی وجہ بتاتے ہوئے لکھا کہ شاہی جوڑے سے ملاقات کے دوران میری خوشی کی انتہا نہیں تھی کیونکہ اسی سال میں فیشن انڈسٹری میں اپنے 25 سال مکمل ہونے کی خوشی منارہا تھا تو مجھے ایسا لگا جیسے میرا مقصد پورا ہوگیا ہے۔