جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے ملتان میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ وفاق اور پنجاب کے بجٹ میں عوام کے لیے کوئی خوشخبری نہیں ہے، جتنا بجٹ ترقیاتی منصوبوں کے لئے رکھا گیا ہے اس کے حساب سے آئندہ 20 سالوں میں کوئی منصوبہ مکمل نہیں ہوگا۔
سراج الحق نے کہا کہ ٹڈیوں نے جنوبی پنجاب میں فصلوں کو بہت نقصان پہنچایا لیکن حکومت نے الگ صوبہ بنانے کے لئے جنوبی پنجاب کے لئے بجٹ نہیں رکھا، سندھ حکومت نے فراڈ بجٹ پیش کیا۔
اُنہوں نے کہا کہ ہماری ترقی کی شرح بری طرح ڈوب گئی، فی کس آمدنی میں کمی ہو رہی ہے، بجٹ ایک خیالی پلاؤ ہے۔
سراج الحق نے پٹرول کے حوالے سے کہا کہ پٹرول بین الاقوامی مارکیٹ میں سستا ہوا لیکن پاکستان کو کوئی فائدہ نہیں ہوا۔
جماعتِ اسلامی پاکستان کے امیر سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اب ہاتھ اٹھا کر حکومت کہتی ہے کہ اپنا دفاع بھی خود کرو اور کورونا سے بھی خود ہی بچو۔
سراج الحق نے کہا کہ لاک ڈاؤن کے معاملہ پر حکومت غیر سنجیدہ رہی، اسمارٹ لاک ڈاؤن اور اصلی لاک ڈاؤن کیا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ لاک ڈاؤن میں وائرس نہیں مرتا۔
اُن کا مزید کہنا تھا کہ حکومت وینٹی لیٹر، ماسک ، سینیٹائرز کا فوری بندوبست کرے۔