وزیراطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے کہا کہ حمزہ شہباز شاید بجٹ پڑھنے اور سننے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، میرا مشورہ ہے حمزہ شہباز اپنی آنکھوں اور کانوں کا علاج کروائیں۔
فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا کہ موجودہ بجٹ نئے ٹیکس عائد نہ کرنے والا اپنی نوعیت کا پہلا بجٹ ہے، بزدار حکومت نے 56 ارب روپے سے زائد کے ٹیکس ریلیف پیکج کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کورونا، ٹڈی دل اور متوقع سیلاب کے تناظر میں اس سے بہتر بجٹ دینا ممکن نہیں تھا، موجودہ بجٹ میں لیگی دور کے متعدد ٹیکسز میں کمی یا بالکل ختم کر دیا گیا ہے۔
صوبائی وزیر نے کہا کہ ہیلتھ انشورنس اور اسپتالوں پر ٹیکس کی شرح کو کم کر کے زیرو فیصد کیا گیا ہے، حکومت کیش کے بجائے آن لائن ادائیگیوں پر ٹیکس چھوٹ کی شرح زیادہ کر رہی ہے۔