• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

احتساب صرف اور صرف اپوزیشن کے لیے ہے، فضل الرحمان

احتساب صرف اور صرف اپوزیشن کے لیے ہے، فضل الرحمان


جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ احتساب صرف اور صرف اپوزیشن کے لیے ہے۔ حکمران خود احتساب سے بالا ہیں۔

اسلام آباد میں جے یو آئی(ف) کی آل پارٹیز کانفرنس کے بعد اختر مینگل کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ جیسے جہانگیر ترین کو سہولت دی گئی۔ اپوزیشن والے باہر جاتے تو طوفان کھڑا ہو جاتا۔

 مولانا فضل الرحمٰن نے کہاکہ ملک میں غیر آئینی اور غیر قانونی گرفتاریوں کی مذمت کرتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک میں بلوچستان کو نظر انداز کیا گیا، حکومت سی پیک میں بلوچستان کے منصوبوں پر عمل درآمد کرے۔

جے یو آئی (ف) کے سربراہ نے کہاکہ این ایف سی میں ترمیم کو قبول نہیں کیا جائے گا، 18ویں ترمیم سے متعلق حکومتی بیانات تشویشناک ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ حکومتی سطح پر غیر جمہوری فیصلے ہونے لگے، پھر ہم نے سیاسی جماعتوں سے رابطے شروع کیے، ہم مرکز کی طرف کل جماعتی کانفرنس کی طرف جائیں گے۔

انہوں نے کہاکہ ہماری تحریک کے دوران کورونا کا مسئلہ آیا تھا، ہم نے مدارس بند کیے اور احتجاج روک دیے لیکن حکومت کورونا وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے میں ناکام رہی ہے۔

جے یو آئی( ف)کے سربراہ نے یہ بھی کہا کہ احتساب صرف اپوزیشن کے خلاف بطور سیاسی انتقام استعمال ہورہا ہے، چینی کمیشن سے یہ کس قدر آرام سے نکل گئے،کوئی پوچھنے والا ہی نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے اچھے طریقے سے اپنا کیس لڑا، اس سے عدالت کی توقیر میں اضافہ ہوا ہے۔

مولانا فضل الرحمٰن نے کہا کہ اس طرح ججز کو ہراساں کرنے کی کوشش کی گئی، بدنیتی پر مبنی ریفرنس کے خلاف کارروائی ہونی چاہیے اور سزا بھی ہونی چاہیے۔

تازہ ترین