کورونا وائرس سے صحتیاب ہونے والے پاکستان فلم و ٹی وی انڈسٹری کے معروف اداکار و پروڈیوسر یاسر نواز نے اپنا پلازمہ عطیہ کردیا ہے۔
فوٹواور ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر ندا یاسر نے ایک ویڈیو پوسٹ کی جس میں اُن کے شوہر یاسر نواز اسپتال میں موجود اپنا پلازمہ عطیہ کر تے نظر آرہے ہیں۔
ویڈیو میں یاسر نواز نے کہا کہ ’سب کو ہی معلوم ہے کہ میرا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جس کے بعد میں نے خود قرنطینہ کردیا تھا اور احتیاطی تدابیر کی تھیں اور اب جب میں نے کورونا وائرس کو شکست دے دی ہے تو میں اپنا پلازمہ عطیہ کررہا ہوں۔‘
یاسر نواز نے کہا کہ ’اس مشکل گھڑی میں پلازمہ عطیہ کرنا ثواب کا کام ہے لہٰذا کورونا سے صحتیاب ہونے والے جو بھی لوگ مجھے اس وقت دیکھ رہے ہیں میں اُن سے بھی درخواست کرتا ہوں کہ اپنا پلازمہ عطیہ کریں۔‘
اداکار نے کہا کہ ’پلازمہ عطیہ کرتے وقت معمولی سی تکلیف برداشت کرنی ہوتی ہے اس کے بعد سب ٹھیک ہوجاتا ہے۔‘
اُنہوں نے اہم معلومات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ’کورونا سے صحتیاب ہونے والا شخص صرف 45 دن کے اندر اندر ہی اپنا پلازمہ عطیہ کر سکتا پے کیونکہ اس کے بعد وہ پلازمہ نہ تو اس کے کام آئے گا اور نہ ہی کسی دوسرے مریض کے کام آئے گا۔‘
یہ ویڈیو یاسر نواز نے بھی اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر پوسٹ کی اور اس کے کیپشن میں لکھا کہ ’پلازمہ عطیہ کریں اور زندگیاں بچائیں۔‘
یاد رہے کہ یاسر نواز ، علیزے شاہ اور نعمان سمیع کا ایک نجی انٹرٹینمنٹ ٹی وی چینل سے ڈرامہ ’میرا دل میرا دشمن ‘ نشر کیا جارہا ہے اور یہ تمام فنکار اُسی ڈرامے کی تشہیر کے لیے ندا کے مارننگ شو میں بطور مہمان آئے تھے جس کے بعد ندا اپنے شوہر اور بیٹی سمیت کورونا کا شکار ہوگئی تھیں۔
کورونا ٹیسٹ مثبت آنے کے بعد یاسر نواز اپنی اہلیہ ندا اور بیٹی سمیت اپنے گھر میں ہی آئسولیٹ ہوگئے تھے جہاں اُنہوں نے احتیاطی تدابیر اختیار کرتے ہوئے کورونا وائرس کو شکست دی۔