• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مقبوضہ کشمیر: کورونا سے 1 بھارتی فوجی ہلاک، 76 شکار

مقبوضہ کشمیر میں ہفتے کے روز 14 فوجی اہلکاروں کا کورونا وائرس ٹیسٹ مثبت پایا گیا ہے، اس کے ساتھ ہی رواں مہینے میں کورونا وائرس سے متاثرہ فوجی اہلکاروں کی تعداد 76 ہو گئی ہے جب کہ ایک اہلکار کی موت بھی واقع ہوئی ہے۔

ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق شیر کشمیر انسٹی ٹیوٹ آف میڈیکل سائنس صورہ کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر فاروق جان نے ساؤتھ ایشین وائر کو بتایا کہ مقبوضہ وادیٔ میں تعینات 14 سی آر پی ایف اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ پازیٹیو آیا ہے، گزشتہ روز جانچ کے لیے ان کے سیمپلز لیے گئے تھے۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ جانچ کی رپورٹ مثبت آنے کے بعد انتظامیہ کی جانب سے ان اہلکاروں کے رابطے میں آنے والے دیگر جوانوں کو بھی قرنطینہ میں رکھا گیا ہے۔

ڈاکٹر فاروق جان نے بتایا کہ متاثرہ اہلکاروں سے متعلق کوئی سفری تفصیلات دستیاب نہیں ہیں۔

اس سے قبل رواں مہینے کی 14 تاریخ کو 10 بھارتی اہلکاروں کا کورونا ٹیسٹ مثبت آیا تھا جبکہ 10 تاریخ کو 28 اہلکار اور 6 تاریخ کو 24 اہلکاروں کی کورونا وائرس کی رپورٹ مثبت آئی تھی۔

رواں مہینے کی 8 تاریخ کو ایک 40 سالہ سی آر پی ایف اہلکار کی موت بھی کورونا وائرس کے باعث واقع ہوچکی ہے، جس کی آخری رسومات مقبوضہ کشمیر میں ہی ادا کی گئیں۔

جموں و کشمیر میں کورونا وائرس کے 154 نئے مثبت کیسز سامنے آئے ہیں، جن میں حاملہ خواتین بھی شامل ہیں۔

ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں متاثرین کی مجموعی تعداد 5 ہزار 834 تک پہنچ گئی ہے۔

سرکاری ذرائع نے بتایا ہے کہ آج مثبت پائے گئے کیسز میں 14 سی آر پی ایف اہلکار، 5 پولیس اہلکار، 6 حاملہ خواتین، 2 ڈاکٹرز، 6 ماہ کی بچی، 2 کسمن بچے اور محکمۂ صحت کے چند اہلکار بھی شامل ہیں۔

ضلع وار تفصیلات فراہم کرتے ہوئے ذرائع نے بتایا کہ ضلع سرینگر میں 28 مثبت کیسز، بارہ مولا میں 21، بڈگام میں 20، شوپیاں میں 12، جموں اور پلوامہ میں 11، 11، کولگام میں 9، کپواڑہ اور کٹجوعہ میں 7، 7 کیسز پائے گئے ہیں۔

ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق ادھمپور اور رامبن میں 6، 6، ڈوڈہ میں 4، سانبہ میں 3، بانڈی پورہ میں 2 ، راجوڑی، ریاسی اور کشتواڑ میں ایک، ایک کورونا کا کیس پایا گیا ہے۔

وادیٔ کشمیر میں کورونا سے متاثرہ 3 خواتین کی ہفتے کے روز موت واقع ہونے کے ساتھ اس وائرس سے متعلق اموات کی تعداد بڑھ کر 79 ہوگئی ہے۔

یہ بھی پڑھیئے:۔

دنیا کی کورونا سے لڑائی، بھارتی فوج کے ہاتھوں 2 کشمیری شہید

ضلع سرینگر میں اب تک کورونا وائرس سے سب سے زیاد 19 اموات ہوئی ہیں اور دوسرے نمبر پر ضلع بارہ مولا ہے جہاں اب تک 13 افراد اس وائرس میں مبتلا ہو کر موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔

ضلع شوپیاں میں 10، کولگام میں 9، اننت ناگ میں 6، کپوارہ میں 5، بڈگام اور پلوامہ میں 3، 3 اور بانڈی پورہ میں ایک مریض کورونا میں مبتلا ہوکر داعیٔ اجل کو لبیک کہہ گیا ہے۔

مقبوضہ کشمیر میں ایک طرف کورونا وائرس کے وار تو دوسری جانب بھارتی فورسز کی ریاستی دہشت گردی بھی جاری ہے۔

قابض بھارتی فوجیوں نے ضلع کلگام، بارہ مولا اور سری نگر میں سرچ آپریشن کے دوران تمام داخلی اور خارجی راستوں کو سیل کر دیا۔

سوپور میں بھارتی پولیس نے 3 کشمیری نوجوانوں کو گرفتار کرلیا جبکہ سری نگر کےعلاقے گلی کدال میں بھی محاصرے کی آڑ میں پُرتشدد کارروائیاں جاری ہیں، کئی اضلاع میں انٹرنیٹ سروس معطل ہے۔

تازہ ترین